نیب نے شہباز شریف کیخلاف کیس بند کردیا

0

لاہور: لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی عمارت میں ن لیگ کی حکومت کے دوران پراسرار آتشزدگی میں ریکارڈ کا جل جانا اس وقت کے وزیراعلیٰ شہباز شریف کے کام آگیا، ریکارڈ جلنے کے باعث نیب کو شہبازشریف کے خلاف پلاٹ ریفرنس میں دستاویز نہ مل سکیں، نیب کی درخواست پر عدالت نے ریفرنس بند کردیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت نے ریکارڈ جل جانے کے باعث اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کیخلاف 12 پلاٹوں کی انکوائری بند کرنے کا حکم دیدیا، نیب نے عدالت میں رپورٹ پیش کی کہ شہباز شریف پر لگائے گئے الزامات ٹریس ایبل نہیں۔ ایل ڈی اے بلڈنگ میں آتشزدگی کے باعث تمام ریکارڈجل چکا ہے، شہباز شریف کے ملوث ہونے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔ اس طرح انکوائری میں نامزد میاں عطا اللہ اور میاں رضا عطا وفات پا چکے ہیں۔

واضح رہے کہ شہبازشریف پر الزام تھا کہ انہوں نے من پسند افراد کو ایک ایک کنال کے پلاٹ دئیے اور جب نیب نے تفتیش شروع کی تو مبینہ طور پر پلاٹوں کی منسوخی کا حکم دیدیا گیا، احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے فیصلہ سناتے ہوئے شہباز شریف کیخلاف 12 پلاٹوں کی انکوائری بند کرنے کا حکم دیدیا۔

دوسری طرف اسی عدالت نے شہبازشریف کے خلاف منی لانڈرنگ مقدمہ کے جلد فیصلے کے لئے ٹرائل جیل میں چلانے کے حوالے سے نیب سے رپورٹ مانگ لی ہے، جج جواد الحسن نے 4 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ ملزمان شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی عدالت میں پیشی کے موقع پر جو مشکلات پیش آتی ہیں، انہیں اور کرونا کی صورتحال دیکھتے ہوئے یہ بہتر فیصلہ ہوگا کہ مقدمہ کو جیل کے اندر چلایا جائے۔

عدالت نے قرار دیا ہے کہ مقدمہ میں نامزد شہبازشریف کے بیٹے سلمان شہباز اور بیٹی رابعہ عمران جان بوجھ کر پیش نہیں ہورہے، انہیں حکم دیا گیا ہے، وہ پیش ہوں ۔ اسی طرح شہبازشریف اور ان کے اہلخانہ کے خلاف کیس میں وعدہ معاف گواہ بننے والے 4 افراد کے بیانات کی کاپیاں ملزمان کے وکلا کو دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.