اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے فیس بک کو پاکستان میں سرگرمیاں بڑھانے کی دعوت دی ہے، جبکہ ملک میں سرمایہ کاری اور پروگراموں کا خیرمقدم کیا ہے، ٹیلیفونک گفتگو میں فیس بک کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور ڈیجیٹل لٹریسی کیلئے معاونت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیس بک کی چیف آپریٹنگ آفیسر شیری سینڈ برگ سے ٹیلفون پر گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ فیس بک پاکستانی نوجوانوں کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر دنیا بھر میں مواقع فراہم کرنے کا اہم ذریعہ بن سکتی ہے، ہم فیس بک کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے، جس سےغربت کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔
اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے آن لائن نفرت انگیز مواد کے حوالے سے بات چیت کی، انہوں نے بڑھتی ہوئی آن لائن نفرت اور انتہا پسندی پر تشویش کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ نفرت انگیزی روکنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔