بحرین نےمسافروں کیلئے ائرپورٹ پر کرونا ٹیسٹ لازمی قراردے دیا

0

منامہ: بحرین نے  ملک میں آنے والے مسافروں کیلئے کرونا کا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا ہے، بحرینی شہریوں سمیت وہ  تمام مسافر جو منگل 21 جولائی سے بحرین  پہنچیں گے، ان کا ائیر پورٹ پر کرونا کا ٹیسٹ لیا جائے گا، جس کی فیس  30 بحرینی دینا ر مقرر کی گئی ہے ،جو تقریباً80 ڈالر اور پاکستانی روپے میں ساڑھے 13 ہزار کے قریب بنتی ہے،مسافروں کو یہ فیس  ائرپورٹ پر ادا کرنی ہوگی،تاہم ٹرانزٹ  مسافروں پر اس شرط کا اطلاق نہیں ہوگا۔

اسی طرح فضائی کمپنیوں کے عملے اور سرکاری دوروں پر آنے والے  افراد کو بھی ٹیسٹ سے  مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔

بحرینی حکام کا کہنا ہے کہ  بحرین آنے والے مسافر  طیارے پر سوار ہونے سے قبل “Be Aware” ایپ کے ذریعہ بھی ادائیگی  اور فارم  بھرسکتے ہیں، جس سے انہیں  کرونا ٹیسٹ کی سہولت برق رفتاری سے حاصل ہوگی۔

اس کے علاوہ بحرین پہنچ کر  ائیرپورٹس پر کاؤنٹر  پرکریڈٹ کارڈ کے ذریعہ یا کیش  ادائیگی کی  جاسکے گی ، کرونا ٹیسٹ کے علاوہ  تمام مسافروں کو 10 روز لازمی قرنطینہ میں بھی رہنا ہوگا۔

اس کے ساتھ بحرینی حکومت نے اپنے شہریوں کو بھی  بتایا ہے کہ اگر وہ بیرونی سفر کا ارادہ کررہے ہیں،تو متعلقہ ملک  میں فضائی سفر کے تازہ قواعد کا مطالعہ ضرور کرکے جائیں ، اس کے ساتھ  انہیں  کسی بیماری کی صورت میں خود ہی اس کے اخراجات اٹھانے ہوں گے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.