دورہ انگلینڈ: مزید 7 کرکٹرز کا کورونا پازیٹو، کرکٹ بورڈ کی پریشانی میں اضافہ

0

دورہ انگلینڈ کیلئے منتخب کیے گئےپاکستانی اسکواڈ کے مزید 7 کرکٹرز کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں، جس کے بعد کورونا سے متاثرہ کرکٹرز کی تعداد 10 ہوگئی ہے، جس نے کرکٹ بورڈ کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے مزید 7 کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ میں شامل ایک رکن  کے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کی تصدیق کی ہے۔

پی سی بی  کا کہنا ہے کہ دورہ انگلینڈ کیلئے منتخب اسکواڈ میں شامل 35 کھلاڑیوں اور آفیشلز کے پیر کے روز کورونا ٹیسٹ لیے گئے،ان کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ٹیسٹ لاہور، کراچی اور پشاور میں لیے گئے تھے۔

جن کھلاڑیوں کےکورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ان میں فخر زمان، عمران خان، کاشف بھٹی، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد رضوان اور وہاب ریاض شامل ہیں۔

اسکواڈ میں شامل عابد علی، اسد شفیق، اظہر علی، بابراعظم، فہیم اشرف، فواد عالم، افتخار احمد، امام الحق، خوشدل  شاہ، محمد عباس، نسیم شاہ، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، سہیل خان اور یاسر شاہ کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔

کرکٹ بورڈ کے مطابق ٹیم منیجمنٹ میں شامل ملنگ علی(مساجر)کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے، جبکہ ٹیم منیجمنٹ میں شامل ہیڈ کوچ مصباح الحق سمیت دیگر کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز  بھی 3 کرکٹرز حارث رؤف، حیدر علی اور شاداب خان کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے جبکہ عثمان شنواری اور عماد وسیم کا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔

قومی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں اور ٹیم مساجر میں کورونا ٹیسٹ سے قبل  کوویڈ 19 کی کوئی علامات نہیں پائی گئیں۔

پی سی بی کے میڈیکل پینل نے ان تمام کھلاڑیوں اور ٹیم مساجر سے مسلسل رابطے میں ہے اور ان تمام اراکین کو فوری طور پر سیلف آئسولیشن میں جانے کی ہدایت کردی گئی ہے جو کہ ان کے اور ان کی فیملی کے صحت اور حفاظت کے لیے بھی ضروری ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.