برسلز: یورپی یونین کی طرف سے غیر یورپی ممالک کے شہریوں کے لئے ویزے کھولنے کی سفارش کے بعد ایک بڑے ملک نے سفری پابندیاں ختم کردی ہیں ، جبکہ دوسرا بڑا ملک بھی اگلے ہفتے ممکنہ طور پر پابندیاں ختم کرنے جارہا ہے، جس سے دوسرے ملکوں کے ساتھ پاکستانیوں کو بھی فائدہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں دو سال سے جاری وبا کنٹرول میں آنے کےبعد یورپی یونین نے رکن ممالک سے غیر یورپی ممالک کے شہریوں کے لئے سفر کے راستے کھولنے کی سفارش کی تھی، جس پر اٹلی نے منگل یکم مارچ سے غیر یورپی شہریوں پر عائد مختلف سفری بندشوں کو ختم کردیا ہے، جس سے پاکستان سمیت دیگر غیر یورپی ممالک کے شہریوں کو اٹلی کے وزٹ ویزوں کی راہ بھی ہموار ہوگئی ہے، اٹلی آنے والوں کو صرف منظور شدہ ویکسین لگی ہونے کی شرط پوری کرنے ہوگی، اس کے بعد انہیں سفر سے قبل ٹیسٹ کی بھی ضرورت نہیں پڑےگی،
دوسری جرمنی میں بھی حکام اگلے ہفتے سے غیر یورپی شہریوں کے لئے سفر آسان بنانے کا اعلان کرنے جارہے ہیں، یعنی جرمنی کے لئے بھی وزٹ اور بزنس ویزے وغیرہ بحال ہوجائیں گے، یورپی ویب سائٹ کے مطابق ان تمام ممالک کے شہریوں کے لئے جرمنی کا سفر آسان ہوجائے گا، جہاں وبا اب کنٹرول میں آچکی ہے، ممکنہ طور پر 6 مارچ کو اس حوالے سے منظوری دئیے جانے کا امکان ہے۔