کراچی: چند ہزار بچانے کے چکر میں کروڑوں روپے سے ہاتھ دھو بیٹھے، لاہور سے آنے والے کراچی میں زندگی بھر کی جمع پونجی لٹوا بیٹھے، نوٹوں سے بھرا بریف کیس اگلے لے اڑے، اور وہ حسرت سے دیکھتے رہ گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات آگے بڑھ رہی ہے، اور اچھے نتائج کی توقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں لاہور کے دو سنارے لٹ گئے ہیں، محمد ابو بکر صدیق، اور محمد لقمان لاہور میں مولوی یوسف گولڈ لیبارٹری کے نام سے جیولری کا کاروبار چلاتے ہیں، یہ دونوں لاہور سے سونا لا کر کراچی میں فروخت کرتے تھے، دونوں صبح کی ٹرین میں لاہور سے سونا لے کر آتے، اسے کراچی کی صدر جیولری مارکیٹ میں فروخت کرتے، اور پھر شامل کی ٹرین میں پیسے لے کر واپس لاہور چلے جاتے، انہیں کئی بار یہ مشورہ دیا گیا تھا کہ سونا فروخت کرکے حاصل ہونے والے پیسے بینک اکاؤنٹ میں جمع کرادیا کریں، اور لاہور سے جا کر کیش کرالیں، اس صورت میں انہیں سالانہ صرف چند ہزار کا ٹیکس ہی دینا پڑتا، تاہم وہ ٹیکس سے بچنے کے لئے کیش ہی کراچی سے اور وہ بھی ٹرین میں لے جاتے تھے، ان پر قسمت مہربان تھی، اس لئے ٹرین یا پھر کراچی میں وہ اب تک کسی واردات سے بچتے آرہے تھے، لیکن پھر وہ برا دن آگیا۔
دونوں سنارے 2 فروری کو بھی لاہور سے 350 تولا سونا لے کر ٹرین کے ذریعہ کراچی پہنچے، سونا صدر کراچی کی مارکیٹ میں مختلف دکانوں پر جا کر فروخت کیا، اور فروخت سے حاصل ہونے والے ساڑھے 3 کروڑ کیش لینے کے بعد وہ رات 9 بجے کے قریب کراچی کینٹ اسٹیشن کے لئے رکشے پر روانہ ہوئے، جہاں سے انہوں نے ٹرین پر سوار ہونا تھا۔
تاہم جیسے ہی ان کا رکشہ مہران ہوٹل کے قریب انڈر پاس کے نیچے پہنچا، تو دو موٹرسائیکلوں پر سوار 4 ڈکیت اچانک ان کے سامنے آگئے، انہوں نے اچانک موٹرسائیکل رکشہ کے آگے کئے، جس سے رکشہ ڈرائیور بھی رکشہ پر کنٹرول نہ رکھ سکا، اور رکشہ الٹ گیا، جس سے دونوں سنارے اور رکشہ ڈرائیور زخمی بھی ہوگئے، رکشہ الٹتے ہی چاروں ملزمان نے اسلحہ نکالا اور لاہور کے سناروں سے نوٹوں سے بھرا بریف کیس لے کر رفو چکر ہوگئے۔
پولیس تحقیقات
پولیس اس واقعہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کررہی ہے، اس حوالے سے واردات کے مقام کے ارد گرد اور فرار کے راستے پر لگے کیمروں کا ریکارڈ حاصل کیا گیا ہے، واردات کے مقام اور ان دکانوں کی بھی جیو فینسنگ کرائی جارہی ہے، جہاں دونوں سناروں نے سونا فروخت کیا تھا، پولیس کو شبہ ہے کہ یہ واردات کسی جاننے والے نے کی ہے، اور ملزمان صدر سے ہی ان کا تعاقب کررہے تھے، لاہور کے سناروں نے جن جیولرز سے ملاقاتیں کی تھیں، ان کی لسٹ بھی تیار کی گئی ہے، جبکہ ڈی آئی جی ساوتھ شرجیل کھرل نے جیولرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی ہارون سے بھی ملاقات کی ہے، تفتیش کار پرامید ہیں کہ ملزمان کا کوئی نہ کوئی سراغ مل جائے گا۔