اٹلی، جرمنی سمیت دنیا میں مہنگائی کئے مزید وار، اطالوی وزیراعظم کی عوام کو تسلی

0

برسلز: دنیا بھر میں مہنگائی کے وار جاری ہیں، امریکہ کے بعد اٹلی اور جرمنی میں بھی مہنگائی کے کئی ریکارڈ ٹو ٹ گئے ہیں، اطالوی وزیراعظم ماریو دراغی نے کہا ہے کہ کم آمدن والے شہریوں کو توانائی کی مہنگائی سے بچانے کے لئے حکومت کچھ کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں نومبر میں مہنگائی کی شرح 3.8 فیصد ہوگئی ہے، جو 13 سال کی بلند ترین سطح ہے، اطالوی شماریاتی ادارہ ISTAT کا کہنا ہے کہ نومبر کے دوران افراط زر میں مزید 0.7 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، جس کی بڑی وجہ توانائی کی بڑھتی قیمتیں بنی ہیں، دوسری طرف اطالوی وزیراعظم ماریو دراغی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت بڑھتی ہوئی توانائی قیمتوں کی وجہ سے غریب افراد کو مزید سبسڈی دینے کے لئے تیار ہے، اور اس کے لئے بجٹ میں اقدامات لئے جاسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اس کے لئے ہم پہلے جون میں سوا ارب یورو اور پھر ستمبر میں 3 ارب یورو کی سبسڈی مختص کرچکے ہیں۔

جرمنی میں تو مہنگائی اٹلی سے بھی زیادہ تیزی سے بڑھ رہی ہے، اور نومبر میں افراط زر کی شرح 6 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جو اکتوبر میں 4.6 فیصد تھی، امریکی اخبار بلوم برگ کے مطابق مہنگائی عالمگیر مسئلہ بن چکی ہے۔ کرونا وبا کے تناظر میں طلب میں اضافے اور رسد میں دشواریوں کے باعث یورپ کو بیسویں صدی کے اختتام کے بعد سے اب تک مہنگائی کے سب سے زیادہ ہوش ربا طوفان کا سامنا ہے۔امریکا،چین اور کینیڈا میں بھی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔

تاہم تیل پیدا کرنے والے خلیجی ممالک مزے میں ہیں، جہاں افراط زر کی شرح اب تک قابو میں ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت یورو کرنسی استعمال کرنے والے 19 یورپی ملکوں کو یورو آنے کے بعد مہنگائی کی سب سے بڑی لہر کا سامنا ہے، 19 یورپی ممالک میں قیمتیں نومبر میں 4.5 فیصد بڑھی ہیں۔ دنیا میں توانائی اور غذائی اجناس کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ امریکہ میں سالانہ شرح مہنگائی اکتوبر 2021 میں بڑھ کر 6.2 فیصد ہوگئی تھی، جو کہ نومبر 1990 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ کینیڈا میں بھی افراط زر اکتوبر میں بڑھ کر4.7 فیصد تک جاپہنچا ہے۔ ایسی صورتحال چین کی بھی ہے، جہاں مہنگائی کی شرح اکتوبر میں غیر معمولی طور پر بڑھ کر گزشتہ برس کے مقابلے میں 13.5 فیصد زائد ہوگئی ۔ رپورٹ کے مطابق جنوبی ایشا میں پاکستان کو 9.7 فیصد افراط زر کا سامنا ہے ، جبکہ پڑوسی ملک بھارت میں 6.6 اور سری لنکا میں مہنگائی کی شرح 6.2 فیصد ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.