ننھا مسافر کہاں سے نکل آیا؟، اطالوی خاتون ڈرائیور حیران

0

روم: ارے منہ اندھیرے یہ ننھا مسافر کہاں سے نکل آیا؟، اطالوی خاتون بس ڈرائیور سخت سردی میں ننگے پاؤں سڑک پر مٹر گشت کرتے ننھے مسافر کو دیکھ کر حیران رہ گئی، اور گاڑی روک کر اسے سواری دے دی، جی ہاں ننھے مسافر کا یہ معاملہ روم میں سامنے آیا ہے۔

جہاں والدہ اور نانی کے ساتھ رہنے والے 5 سالہ بچے کی علی الصبح آنکھ کھلی، وہ خاموشی سے بستر سے اترا، اب اس کی والدہ غلطی سے دروازہ بند کرنا بھول گئی تھی، اس ننھے بچے نے دروازہ کھلا دیکھا تو باہر نکل گیا، اور گھومتا گھماتا سڑک پر جا پہنچا،  یہ تو اچھا ہوا کہ وہ محفوظ رہا، اور صبح پونے 6 بجے بس چلانے والی خاتون ڈرائیور مونیا کی اس پر نظر پڑگئی، خاتون بس ڈرائیور بس کو اڈے پر لے جارہی تھی، جب اس نے دیکھا کہ یہ ننھا بچہ جو صرف پاجامہ پہنے ہوا تھا، سڑک پر رو رہا ہے، بچے کے پیر میں جوتے بھی نہیں تھے۔ خاتون نے فوری بس روکی، بچے کے پاس پہنچی، آس پاس دیکھا تو کوئی نہیں تھا، دوسری طرف یہ ننھا مسافر رو رہا تھا، خاتون ڈرائیور نے اسے فوری اٹھایا اور گاڑی کے اندر لے گئی، اس کے سردی سے ٹھٹھرتے پیر صاف کئے اور پھر بس کا ہیٹر چلا کر اس کا جسم گرم کرنے کا بندوبست کیا۔

اطالوی خبرایجنسی ’’انسا‘‘ کے مطابق جسم کو گرمی ملنے کے بعد بچہ چپ ہوا، اور پھر خاتون ڈرائیور نے اسے بس کے ڈیش بورڈ کے پاس کھڑا کیا، تو وہ بٹنوں کے ساتھ کھیلنے لگا، خاتون ڈرائیور نے اس اثنا میں پولیس کو فون کردیا، جس پر پہلے پولیس اور پھر اس کی والدہ اور نانی بھی پہنچ گئیں، یوں ننھا مسافر ایک ہمدرد خاتون بس ڈرائیور کی وجہ سے نہ صرف محفوظ رہا، بلکہ اپنے گھر والوں کے پاس بھی پہنچ گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.