بچوں میں نئی وبا پھیلنے کے بعد یورپی ملک کا والدین کیلئے الرٹ
برسلز: یورپی ملک میں چھوٹے بچوں میں ایک اور وبائی مرض پھیلنے لگا، جس کے بعد ماہرین نے والدین کو ہوشیار رہنے اور احتیاطی تدابیر کی وارننگ جاری کردی ہے، صرف ایک ہفتے میں سینکڑوں بچے نئی وبا سے متاثر ہوئے ہیں، یہ وبا پھیپڑوں اور سانس کی نالیوں میں ورم سے تعلق رکھتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایسے وقت میں جب کرونا کی وبا دوبارہ سے یورپی ملکوں میں زور پکڑ رہی ہے، فرانس میں Bronchiolitis کی وبا بچوں میں پھیلنے لگی ہے، یہ وبا پھیپڑوں اور سانس کی نالیوں میں ورم سے تعلق رکھتی ہے، جس میں کھانسی، گلا خراب اور زرد بلغم کا اخراج سامنے آتا ہے، یہ وبا 2 سال تک کی عمر کے بچوں کو متاثر کرتی ہے، اور ایک ہفتے کے دوران فرانس میں 3200 بچے اس سے متاثر ہوکر اسپتالوں کی ایمرجنسی میں لائے گئے ہیں، جس کے بعد فرانس کی وزارت صحت نے والدین کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے بچوں بالخصوص بوسے دینے سے گریز کریں، اور ان کے کھلونے بھی بار بار دھوئیں، وزارت صحت کا کہنا ہے کہ بالخصوص 2 ماہ تک کی عمر والے بچے اس وبا سے متاثر ہورہے ہیں۔
لہذا والدین چھوٹے بچوں کو انفیکشن سے بچانے کے لئے ان کے ہاتھ دھوئیں، اور ٹھنڈ کی صورت میں انہیں ماسک بھی پہنایا جائے، اسی طرح بچوں کو بڑے افراد سے دور رکھنے کی کوشش کی جائے، اور انہیں پیار کرنے سے گریز کیا جائے، کیوں کہ اس سے انفیکشن ان میں منتقل ہونے کا خطرہ ہے، تین ماہ تک کے بچوں کے ساتھ فیملی ری یونین یا ریستوران میں جانے سے بھی گریز کا مشورہ دیا گیا ہے۔