تارکین کو نیا راستہ ملنے کے بعد اٹلی پر یلغار میں اضافہ، اسپین آنے والوں کو حادثہ

0

میڈرڈ: اٹلی پہنچنے کے لئے نیا راستہ ملنے کے بعد تارکین کی یلغار میں اضافہ ہوگیا ہے، مزید سینکڑوں تارکین کی اٹلی آمد ہوئی ہے، دوسری جانب اسپین آنے والے تارکین سمندر میں بڑے حادثے سے دوچار ہوگئے ہیں، جس میں متعدد جان سے بھی چلے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق افریقی ممالک سے اسپین کے لئے کشتی پر روانہ ہونے والے تارکین کو سمندر میں حادثہ پیش آگیا ہے، اسپین کے کینری جزائر کے قریب پہنچ کر کشتی حادثے کا شکار ہوئی، ہسپانوی کوسٹ گارڈ نے اطلاع ملنے پر فوری ریسکیو کارروائی کی ، تاہم اس وقت تک 8 تارکین کی موت واقع ہوچکی تھی، اور ان کی لاشیں برامد کی گئی ہیں، البتہ دیگر 62 تارکین کو بچالیا گیا ہے، ان میں سے تین کی حالت بہت خراب ہوچکی تھی، جنہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعہ اسپتال منتقل کردیا گیا ۔ ہسپانوی کوسٹ گارڈ نے ایک اور کشتی بھی پکڑی ہے، جس میں 35 مرد اور ایک عورت سوار تھی، اس سال اب تک 13 ہزار سے زائد افریقی تارکین بحیراوقیانوس کا خطرناک سمندری راستہ عبور کرکے اسپین پہنچ چکے ہیں۔

دوسری طرف لیبیا اور تیونس سے کشتیوں کے ذریعہ سینکڑوں تارکین پہلے ہی اٹلی پہنچ رہے تھے، اور اب تارکین نے ایک نیا راستہ بھی تلاش کرلیا ہے، جس کے بعد اٹلی پر غیرقانونی تارکین کی یلغار میں اضافہ ہوگیا ہے، نئے راستے سے آنے والے تارکین ترکی سے کشتیوں پر روانہ ہورہے ہیں، اور یہ اٹلی کے علاقے کلابریا میں پہنچ رہے ہیں، اطالوی کوسٹ گارڈ نے اتوار کو بھی دو کشتیوں میں آنے والے 550 تارکین کو بندرگاہ پر اتارا ہے، جن میں اکثریت مصری باشندوں کی ہے، اس دوران پرانے روٹ سے بھی 100 تارکین لمپاڈسیا پہنچے ہیں، اس طرح ایک روز میں مزید 650 تارکین اٹلی پہنچ گئے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.