روم: پاکستان کے کچھ علاقوں بالخصوص سندھ میں اکثر یہ رپورٹس سامنے آتی ہیں کہ وہاں ایسے اسکول بھی ہیں ، جن میں بچےکم اور اساتذہ زیادہ ہوتے ہیں، اس کی وجہ اکثر گھوسٹ عملہ اور سیاسی اثرورسوخ ہوتا ہے، تاہم آپ حیران ہوں گے کہ اٹلی میں بھی ایک ایسا اسکول ہے، جہاں طلبا کم اور اساتذہ زیادہ ہیں۔
البتہ اس کی وجہ پاکستان جیسے مسائل نہیں، بلکہ آبادی کم ہونا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اٹلی کے چھوٹے سے جزیرے Alicudi کی آبادی 100 افراد پر مشتمل ہے، جبکہ گاؤں میں بھیڑیں ، بکریاں اور خرگوش ہزاروں کی تعداد میں ہیں، پہاڑی جغرافیہ رکھنے والا یہ علاقہ دشوار گزار بھی ہے، یہاں پولیس اسٹیشن اور حتیٰ کہ فارمیسی بھی نہیں ہے، لیکن اس کے باوجو د یہاں ایک اسکول ضرور چلایا جارہا ہے، تاکہ بچوں کو تعلیم دی جاسکے، اس اسکول میں بچوں کی تعداد تین سے چار ہے، جبکہ اساتذہ کی تعداد 5 ہے، اس طرح اساتذہ بچوں سے زیادہ ہیں، اسکول کے ڈائریکٹر Fanti کا کہنا ہے کہ مشکل حالات کے باوجود انہیں فخر ہے کہ وہ اس جگہ پر اسکول چلارہے ہیں، مقامی کمیونٹی ان سے بھرپور تعاون کرتی ہے۔
کلابریا سے تعلق رکھنے والے لینگوئج ٹیچر Chiara Torchia کا اطالوی خبر ایجنسی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ وہ پچھلے سال سے مڈل اسکول کے دو طلبا کو پڑھارہے ہیں، انہوں نے اپنی مرضی سے اس علاقے کو چنا ہے، اور وہ یہاں خوش ہیں۔