روم: اٹلی میں چوروں کا ’’بچہ گینگ‘‘ سامنے آیا ہے، جس نے اودھم مچائی ہوئی تھی، اور درجنوں وارداتوں میں بڑے پیمانے پر سامان چوری کرچکے تھے، بچہ گینگ کے کارندے چوری کے ساتھ موقع ملنے پر رہزنی سے بھی باز نہیں آتے تھے، ان کی وارداتوں نے لوگوں کو پریشان کر رکھا تھا۔
تفصیلات کے مطابق اطالوی سسلی ریجن کے شہر PATERNÒ میں بچہ یعنی بے بی گینگ سامنے آیا ہے، جس نے علاقے میں اپنی وارداتوں کے ذریعہ اودھم مچا رکھا تھا، جون سے لے کر اب تک تقریباً ساڑھے تین ماہ کے دوران انہوں نے کئی وارداتیں کیں، جن میں انہوں نے نہ تو راہ گیروں کو بخشا ، اور نہ ہی گرجا گھر ،سپر مارکیٹس اور گھروں کو ، اس گروپ کے 4 ارکان ہیں، جنہوں نے لوگوں سے سائیکلیں، موبائل فونز، بچون کی گیمز، نقد رقم ،ٹی وی ،سپر مارکیٹس سے گھریلو سامان سمیت جو کچھ ہاتھ لگا ، چرایا اور لوٹ لیا، ایک وارادت میں انہوں نے رات کو اکیلا پا کر راہ چلتے 65 سالہ بزرگ کو گرا لیا، اور اس سے بیگ چھین کر فرار ہوگئے، اس واقعہ میں لٹنے والا بابا زخمی بھی ہوا۔
کارا بیری پولیس کو اس گروہ کی تلاش تھی، اور اسے انہیں پکڑنے میں اس وقت کامیابی ملی ، جب سی سی ٹی وی فوٹیج سے ان کی شناخت ہوگئی ، پولیس نے شناخت کے بعد چھاپہ مار کر ’’بچہ گینگ‘‘ کے چاروں کارندوں کو پکڑ لیا، اور مسروقہ سامان بھی برامد کیا ہے، ان میں سے تین 15 سے 16 برس عمر کے ہیں، جبکہ چوتھا ملزم 18 برس کا ہے۔