میلان: پاکستان میں تو آپ نے سنا اور دیکھا ہوگا کہ موٹرسائیکل چور کس طرح اسے چوری کرنے کے بعد پرزہ پرزہ کرکے کھول دیتے ہیں، اور پھر پرزوں کی صورت میں بڑے شہروں کے چور بازاروں میں فروخت کردیتے ہیں، لیکن ایسا ہی معاملہ اب اٹلی میں بھی سامنے آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق میلان میں پولیس کو گزشتہ ایک ماہ سے موٹرسائیکلیں چوری ہونے کی شکایات مسلسل مل رہی تھیں، جس پر تحقیقات شروع کی گئیں،اور بالاخر پولیس کے شک کا کھرا سینیگال سے تعلق رکھنے والے ایک تارک وطن پر جا کر ٹھہر گیا، 46 سالہ سینیگالی تارک وطن کام کے پرمٹ پر اٹلی میں مقیم تھا، لیکن اصل میں وہ دوسرا ہی کام دکھا رہا تھا، اطالوی خبر ایجنسی کے مطابق پولیس نے میلان کے علاقے Segrate میں via Grandi میں اس کے گیراج پر چھاپہ مارا تو وہاں سے 8 موٹرسائیکلوں کے پرزے ملے ہیں، جنہیں ملزم چوری کے بعد کھول چکا تھا، اور اب پرزوں کی صورت میں انہیں افریقی ممالک بھیجنے کی تیاری کررہا تھا۔
موٹرسائیکلوں کے پرزے اس نے بھیجنے کے لئے 6 ڈبوں میں پیک کر رکھے تھے، اس کے علاوہ وہاں سے تین ڈائریاں بھی ملی ہیں، جن میں چوری شدہ موٹرسائیکلوں کو پرزوں کی شکل میں بھیج کر موصول ہونے والی قیمت اور 10 سے زائد موٹرسائیکلوں کے کاغذات موجود تھے، تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ ملزم موٹرسائیکلوں کو کھول کر انہیں پرزوں کی شکل میں وسطی افریقی ممالک بھیج دیتا تھا۔