اٹلی نے برطانوی مسافروں پر نئی پابندی لگادی، بھارت، بنگلہ دیش پر بھی اہم فیصلہ

0

روم: اٹلی نے برطانیہ سے آنے والے مسافروں کے لئے قرنطینہ کی پابندی لگادی ہے، جبکہ بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے حوالے سے بھی فیصلہ کیا گیا ہے، دوسری جانب یورپی ممالک، امریکہ اور کینیڈ ا سے آنے والے مسافروں کے لئے مشروط نرمی کا فیصلہ کیا گیا ہے،

تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں بھارتی ڈیلٹا وائرس کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے اٹلی نے برطانوی مسافروں کے لئے ائرپورٹ پر ٹیسٹ اور 5 روز کا قرنطینہ لازمی قرار دے دیا ہے، اطالوی وزیرصحت رابرٹ سپرانزا کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ برطانیہ میں کرونا کی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے، اس کے ساتھ ہی اٹلی نے کینیڈا، امریکہ ، جاپان اور یورپی یونین کےممالک کے لئے سفری پابندی نرم کردی، ان ممالک سے تعلق رکھنے والے وہ شہری جن کے پاس ویکسین لگوانے کا گرین پاس ہوگایا کرونا ٹیسٹ کی نیگٹو رپورٹ ہوگی ، ان کے لئے اٹلی داخلے میں تمام پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے.

اطالوی حکومت نے بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا پر لگائی گئی سفری پابندی میں بھی توسیع کردی ہے، حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ ان نئے احکامات کا اطلاق پیر سے ہوگا، دوسری طرف برطانوی مسافروں کے لئے ٹیسٹ اور قرنطینہ کی شرط عائد کرنے کے اطالوی فیصلہ کے بعد ریان ائر کے شئیرز کی قیمت ساڑھے تین فیصد تک کم ہوگئی، واضح رہے کہ برطانیہ اور اٹلی کے درمیان ریان ائر سب سے زیادہ پروازیں چلاتی ہے، امریکی اخبار کے مطابق برطانوی سیاح اب یونان اور اسپین کا زیادہ رخ کرسکتے ہیں، جہاں اٹلی کے مقابلے میں کم پابندیاں ہیں.

Leave A Reply

Your email address will not be published.