برطانیہ میں کرونا پابندیاں دوبارہ لگنا شروع، کون سے علاقے متاثر ہونگے؟

0

لندن: برطانیہ میں 21 جون سے قبل کرونا پابندیاں مکمل ہٹانے کا اعلان خطرے میں پڑگیا ہے، بڑھتے ہوئے بھارتی وائرس کے کیسز کے بعد حکومت نے انگلینڈ کے کئی علاقوں میں دوبارہ پابندیاں لگانا شروع کردی ہیں، متاثرہ علاقوں میں انتظامیہ کی مدد کے لئے فوج بھی بلالی گئی ہے۔

تفصیلات کےمطابق برطانیہ جو تیز تر ویکسین مہم کی وجہ سے نہ صرف یورپ بلکہ پوری دنیا میں کرونا سے نکلنے کے لئے مثال بننے جارہا تھا، اور 21 جون کو تمام پابندیاں ختم کرکے زندگی معمول پر جانے کا اعلان کیا گیا تھا، اب بھارتی وائرس کی وجہ سےمشکلات میں گھر گیا ہے، اور انگلینڈ کے شمال مغربی علاقوں میں دوبارہ پہلی جزوی پابندی لگادی گئی ہے، اور ان علاقوں میں رہنے والے60 لاکھ سے زائد شہریوں کو کہا گیا ہے کہ وہ دوسروں سے انڈور میں ملنے سےگریز کریں اور کھلی فضا میں ملاقاتوں کو ترجیح دیں، برطانوی وزیرصحت میٹ ہنکوک نے پارلیمنٹ سے خطاب میں کہا ہے کہ اس نئی پابندی کا اطلاق بولٹن، گریٹ مانچسٹر اور لنکا شائر پر ہوگا، انہوں نے کہا کہ ہم ان علاقوں میں رہنے والے شہریوں پر زور دے رہے ہیں کہ وہ اپنے ریجن سے باہر کے سفر سے گریز کریں، سماجی فاصلہ یقینی بنائیں، اور ضروری ہوتو میل ملاپ کھلی جگہ پر کیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ اس ریجن کی 22 کونسلز کو کرونا کی ٹیسٹنگ کے لئے فوجی کی مدد فراہم کی جائے گی،اس کے علاوہ مقامی صحت چیفس کو اختیار دیاگیا ہے کہ وہ سیکنڈری اسکولوں میں ماسک کی لازمی پابندی کراسکیں گے۔

برطانوی وزیر صحت نے کہا کہ بھارتی وائرس کے باعث یہ اقدامات اٹھائے گئے ہیں، برطانوی اخبار میل کے مطابق وزیرصحت نے تسلیم کیا کہ 21 جون کو تمام پابندیاں ہٹانے کے حوالے سےبھی چیلنج درپیش ہے، انہوں نے کہا کہ ہم مانچسٹر اور لنکا شائر کے لوگوں پر زور دے رہے ہیں کہ وہ ویکسین لگوانے کے لئے زیادہ سےزیادہ آگے آئیں، میٹ ہنکوک نے بھارتی وائرس کے خلا ف ویکسین کی افادیت کے حوالے سے بتایا کہ اس بارے میں حتمی ڈیٹا ملنے میں مزید دو ہفتے لگ سکتے ہیں،

مئیر کا ردعمل

دوسری طرف گریٹ مانچسٹر کے مئیر اینڈی برنہم کا کہنا ہے کہ ریجن میں کوئی لاک ڈاون نہیں لگایا گیا ، بلکہ یہ اقدامات عوام کی رہنمائی کے لئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کو اپنے پروگرام کینسل کرنے کے لئے نہیں کہہ رہے، بلکہ انہیں محتاط رہنے کا مشورہ دیا جارہا ہے، تاکہ غیر ضروری سفر سے بچا جاسکے، اس کے ساتھ ہی انہوں نے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ وہ ریجن کے لئے ویکسین کا مزید اسٹاک جاری کرے،

Leave A Reply

Your email address will not be published.