اہم یورپی ملک اور یورپی یونین کی راہیں جدا ہونے کا امکان، مذاکرات ٹوٹ گئے
برسلز: برطانیہ کے بعد ایک اور اہم یورپی ملک کی یورپی یونین سے راہیں جدا ہونے کا امکان بڑھ گیا ہے، کئی برسوں سے جاری مذاکرات اچانک ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا، یورپی یونین نے اس اعلان کو افسوسناک قرار دیا ہے، مبصرین نے برطانیہ کے انخلا کے بعد یورپی یونین کیلئے دوسرا بڑا دھچکہ قرار دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دنیا کے خوشحال ترین ممالک میں شامل یورپی ملک سوئٹزرلینڈ اگرچہ باضابطہ یورپی یونین میں شامل نہیں، تاہم یورپی یونین اور سوئس حکومت کے درمیان معاہدوں کے نتیجے میں دونوں کے درمیان تعلقات یونین کے رکن ممالک جیسے ہی ہیں، یورپی شہری سوئٹزرلینڈ جا کر بس سکتے ہیں، اور یہی سہولت سوئس شہریوں کو یورپی یونین کے رکن ممالک میں حاصل ہے، اسی طرح یورپی یونین اور سوئٹرزلینڈ کے درمیان تجارت بھی رکن ممالک کی طرح فری ہے، یورپی یونین اب ان تعلقات کو باضابطہ بنانا چاہتی تھی، اور اس کے لئے فریقین کے درمیان 13 برسوں سے مذاکرات چل رہے تھے، تاہم بدھ کو اچانک سوئس حکومت نے یہ مذاکرات ناکام قرار دے کر ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے، اس اعلان کو بعض مبصرین برطانیہ کے انخلا کے بعد یورپی یونین کے لئے دوسرا دھچکہ قرار دے ر ہے ہیں، سوئس حکومت کے اعلان کے بعد یورپی یونین اور سوئٹرزلینڈ کے درمیان تعلقات بھی برطانیہ کی طرح ہوسکتے ہیں، جہاں یورپی شہریوں کے مستقل قیام کی سہولت ختم ہوسکتی ہے، اور آزادانہ آمد ورفت پر بھی قدغنیں عائد ہوسکتی ہیں۔
مذاکرات کیوں ٹوٹے؟
یورپی یونین اپنے شہریوں کے لئے سوئٹزرلینڈ میں آزادانہ آمدورفت اور قیام کو باضابطہ معاہدے کی شکل میں محفوظ کرنا چاہتی تھی، تاہم سوئس حکومت نے انکار کردیا۔
اور مذاکرات ختم ہونے میں اسی بات پر اختلاف نے اہم کردار ادا کیا، اس کے علاوہ تجارتی مارکیٹ میں رسائی پر بھی اختلافات تھے، برطانوی اخبار کے مطابق یورپی یونین نے سوئس حکومت کو انتباہ کیا تھا کہ اگر اس نے مطالبہ تسلیم نہ کیا تھا، تو بلاک میں اس کی 200 ارب ڈالر کی سالانہ برامدات خطرے میں پڑسکتی ہیں، لیکن سوئس حکومت پیچھے نہیں ہٹی، واضح رہے کہ سوئٹزرلینڈ لینڈ لاک یعنی سمندر سے محروم ملک ہے، اور اس کے چاروں طرف یورپی یونین کے ممالک ہیں، سوئس وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کا مطالبہ ماننے کی صورت میں انہیں غیر سوئس شہریوں کو سوشل سیکورٹی حقوق دینے پڑیں گے، سوئس حکومت کا کہنا ہے کہ اس نے مذاکرات کا مجموعی جائزہ لیا ہے، اور اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ یورپی یونین سے ٹھوس اختلافات ہیں، لہذا ہم نے معاہدہ نہ کرنے اور مذاکرات ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یورپی یونین کو فیصلے سے آگاہ کردیا ہے، لیکن سوئس حکومت مستقبل میں مزید بات چیت کرسکتی ہے، دوسری طرف یورپی کمیشن نے سوئس فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔