اٹلی: تارک وطن کی جلدی نے پرمٹ دلانے والا گروپ پکڑوا دیا

0

روم: اٹلی میں جعلی شادیوں کا ایک اور ریکٹ پکڑا گیا ہے، تارکین وطن سے پیسے لے کر ان کی فرضی شادیاں کرائی جاتی تھیں، تاکہ انہیں رہائشی پرمٹ بنوانے میں مدد دی جاسکے، پولیس نے ملوث افراد کو گرفتار کرلیا ہے، اور ان پر پابندی لگادی ہے، یہ ریکٹ ایک تارک وطن کی شکایت پر ہی پکڑا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کے شہر ترانتو Taranto میں پولیس نے ایک بڑا گروپ پکڑا ہے، جس میں خواتین بھی شامل ہیں، یہ گروپ تارکین وطن کو اٹلی میں قانونی حیثیت دلانے کے لئے ان کی فرضی شادیوں کا اتنظام کرتا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ فرضی شادیاں کرانے میں ملوث گروپ کے 4 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جن میں دو خواتین شامل ہیں، خواتین کو گھروں میں قید کیا گیا ہے، اس گروپ سے جڑے ایک 52 سالہ مراکشی تارک وطن کیخلاف بھی کارروائی کی گئی ہے، جو فرضی شادیوں کے لئے تارکین وطن کو تلاش کرکے دیتا تھا، پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مزید 9 افراد کو شامل تفتیش کرلیا ہے، جو تارکین وطن کو رہائشی پرمٹ دلوانے میں اس گروپ کی مدد کرتے تھے۔

لنکا ڈھانے والا تارک وطن

اس معاملے کی تحقیقات پولیس نے2017 میں اس وقت شروع کی تھی، جب ایک مراکشی تارک وطن نے امیگریشن آفس سے شکایت کی، جو اس گروپ کی جانب سے اپنے کاغذات ملنے میں تاخیر پر ناراض تھا، مذکورہ مراکشی تارک وطن کا کہنا تھا کہ اس نے اپنے ایک ہم وطن اس گروپ سے اٹلی کا پرمٹ بنوانے کے لئے بات کی تھی، اور اس کے بدلے پیسے دینا طے ہوا۔

جس کے بعد اسے اس گروپ کے ایک رکن نے اپنے کاروبار کا ملازم ظاہر کرکے ورک پرمٹ کیلئے اپلائی کرایا، لیکن مذکورہ پرمٹ تاخیر کا شکار ہوا، تو اسے پیشکش کی گئی کہ وہ 7 ہزار یورو دے، تو اس کی اطالوی خاتون سے فرضی شادی کا انتظام کیا جاسکتا ہے، اس طرح اسے جلدی کاغذا ت مل جائیں گے، تاہم پرمٹ میں تاخیر سے پریشان اس تارک وطن نے حکام کو شکایت کردی۔

یہ بھی پڑھیں: اٹلی میں جعلی پرمٹ دینے والا گروپ پکڑا گیا، پاکستانیوں سے کیا تعلق نکلا؟

خیال رہے کہ چند روز قبل بھی اٹلی میں غیر ملکیوں کو جعلی پرمٹ جاری کرنے والا بڑا گروپ پکڑا گیا تھا، جس کا سربراہ پاکستانی شہری تھا، اس کے 14 ارکان میں پاکستانی، افغانی اور اطالوی شہری شامل تھے، اس گروپ کی جڑیں بیلجئیم اور فرانس تک پھیلی ہوئی تھیں، یہ گروپ تارکین وطن کو جعلی ورک اور رہائشی پرمٹ بنا کردیتے تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.