اسپین پہنچنے کیلئے مزید ہزاروں تارکین جمع، سمندر نے کیسے مدد کی ؟

0

میڈرڈ: مراکش کی جانب سے اسپین میں داخلے کے منتظر تارکین وطن کیلئے رکاوٹیں ہٹانے کے بعد جس طرح ہزاروں تارکین ہسپانوی علاقے میں داخل ہوئے ہیں، وہ کافی لوگوں کو حیران کرگیا، کیوں کہ علاقے میں دونوں ملکوں کے درمیان مختصر سمندر بھی حائل ہوتا ہے، تاہم اب ان تارکین کیلئے مددگار ثابت ہونے والا فیکٹر سامنے آگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مراکش کی جانب سے رکاوٹ نہ بننے کے ساتھ اسپین داخل ہونے والے تارکین کی ایک اور چیز نے بھی مدد کی ہے، اور اس مدد کے بغیر اتنی بڑی تعداد میں تارکین کا اسپین میں داخلہ ممکن نہ ہوتا، مراکش اور ہسپانوی علاقے Ceuta کے درمیان سمندر ہے، جو چند کلومیٹر کا فاصلہ بنتا ہے، اور اس سے پہلے نوجوان تارکین وطن مراکش سے تیر کر اسپین کے جزیرے میں داخل ہونے کی کوشش کرتے آئے ہیں، تاہم اس بار اسپین پہنچنے والے تارکین میں کچھ خواتین و بچے بھی شامل بتائے جارہے ہیں، اس کے علاوہ ہزاروں افراد کا تیرکر پہنچنا بھی ممکن نہیں تھا، لیکن ان کی اصل مدد موسم نے کی ،سمندر میں لو ٹائڈ یعنی پانی نیچے اترا ہوا تھا، اور یوں سمندر ان تارکین کا مدد گار بن گیا، اور لوگوں نے سمندر میں چلتے ہوئے اسے پار کرلیا، اور ہسپانوی جزیرہ پہنچ گئے۔ Ceuta سے سامنے آنے والی ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے، کہ لوگ ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑے سمندر میں چلتے ہوئے آرہے ہیں، ہزاروں تارکین کے اسپین میں داخلے کی اطلاع ملنے پر مزید ہزاروں افراد بھی مراکش میں اسپین سے ملحقہ علاقے میں پہنچنے لگے ہیں۔

اور دونوں ملکوں کےدرمیان زمینی سرحدی گزرگاہ Melilla سے بھی تارکین وطن اسپین داخل ہونے کی کوشش کی ہے، تاہم صرف 86 تارکین کامیاب ہوئے ہیں، اور باقیوں کو ہسپانوی اہلکاروں نے پیچھے دھکیل دیا ہے، اس گزرگاہ پر مراکش کے اہلکاروں نے بھی ان کی مدد کی ہے، جس سے انہیں تارکین کو واپس دھکیلنے میں کامیابی ملی۔

ادھر کابینہ اجلاس کے بعد ہسپانوی وزیرداخلہ فرنانڈو گرناڈا کا کہنا ہے کہ Ceuta میں پولیس کی مدد کے لئے 200 فوجیوں سمیت 400 اضافی اہلکار تعینات کردئیے گئے ہیں، جو تارکین وطن کو روکنے کا کام کریں گے، وہاں پہلے سے 11 سو پولیس اہلکار موجود تھے، اس کے علاوہ Ceuta کے ساحل پر بکتر بند گاڑیاں بھی نظر آرہی ہیں، ہسپانوی وزیرداخلہ کے مطابق ملک میں غیر قانونی داخل ہونے والے افراد میں سے 2700 کو واپس بھیج دیا گیا ہے۔

سیوٹا: ہسپانوی فوج جزیرے پر پہنچنے والے تارکین کو واپس بھیج رہی ہے

اسپین مراکش تنازعہ کیا ہے؟

اسپین اور مراکش میں یوں توں سرحدی تنازعات بھی موجود ہیں، لیکن تازہ تنازعہ اور مراکش کی جانب سے تارکین کو روکنے سے انکار کی بظاہر وجہ مغربی صحارا کے علاقے کے رہنما ابراہیم غزالی کو اسپین میں علاج کے لئے سہولت دینا بنا ہے، جس پر گزشتہ ماہ مراکش سے سخت احتجاج بھی کیا تھا، ابراہم غزالی مغربی صحارا کی مراکش سے علیحدگی چاہتے ہیں، اور انہیں الجزائر نواز رہنما کے طور پر دیکھا جاتا ہے، تاہم اسپین کا کہنا ہے کہ اس نے علیل رہنما کو محض انسانی بنیادوں پر علاج کی اجازت دی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.