کرونا متاثرہ بھارت میں دریا لاشیں اگلنے لگا، لاؤڈ اسپیکر پر اعلانات

0

دہلی: بھارت میں کرونا نے شہروں کے بعد دیہی علاقوں میں بھی تباہی مچانی شروع کردی ہے، تیزی سے اموات کے باعث لوگوں کو لاشیں جلانے میں بھی مشکل ہورہی ہے، اور انہوں نے لاشیں دریا میں بہانی اور دبانی شروع کردی ہیں، بارش کے بعد دریا سے بڑی تعداد میں لاشیں ملنے پر حکام میں کھلبلی مچ گئی۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کی آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں کرونا وائرس نے دیہات میں بھی قدم جما لیا ہے، اور وہاں بھی بڑے پیماے پر اموات ہورہی ہیں، جن میں سے بیشتر سرکاری ریکارڈ پر بھی نہیں آرہیں، اتر پردیش کے علاقے پریاگ راج میں آندھی اور بارش کے بعد دریا ئے گنگا کے خشک حصے میں بڑی تعداد میں لاشیں سامنے آئی ہیں، جنہیں ان کے لواحقین وہا ں دبا کر چلے گئے تھے ، لاشیں سامنے آنے کے بعد حکام کی پریشانی بڑھ گئی ہے، پولیس کو ہدایت کی گئی ہےکہ وہ لوگوں کو دریا میں لاشیں پھینکنے اور دبانے سے روکے، جس کے بعد پولیس اہلکار کشتیوں اور اپنی گاڑیوں پر دریا کے ساتھ ساتھ لاوڈ اسپیکر پر اعلان کررہے ہیں، جس میں لوگوں سے لاشیں دریا برد نہ کرنے کی اپیل کی جارہی ہے، لوگوں کو لاشیں جلانے کے لئے پولیس سے رابطے کیلئے بھی کہا جارہا ہے۔

لاشیں جلانے میں مدد دینے والی تنظیم کے ایک رکن رمیش کمار کا کہنا تھا کہ دیہی علاقوں میں مرنے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، انہوں نے بتایا کہ لوگ اپنے پیاروں کی لاشیں اس لئے دریا برد کررہے ہیں ، کیوں کہ ان پا س انہیں جلانے کے لئے پیسے نہیں ہیں، ایک لاش جلانے پر 15 ہزار روپے تک کا خرچہ آتا ہے۔

دوسری طرف سینئر پولیس افسر کے پی سنگھ نے کہا ہے کہ پولیس نے مزید لاشیں دریا کے ساتھ دبانے سے روک دیا ہے، اور کرونا سے ہلاک ہونے والوں کی لاشیں جلانے کے لئے ہم نے جگہ مختص کردی ہے، برطانوی اخبار کے مطابق یوپی حکومت کے ترجمان نونیت شیگل نے ایک ہزار لاشیں دریا سے ملنے کو غلط قرار دیا اور کہا کہ وہاں سے کچھ لاشیں ملی ہیں ، لیکن ان کی تعداد انہوں نے نہیں بتائی ۔ انہوں نے لاشوں کا کرونا سے تعلق ہونے کو بھی افواہ قرار دیا۔

لاشیں پکڑنے کیلئے جال لگادیا

اترپردیش سے گنگا دریا ریاست بہار میں داخل ہوتا ہے، جہاں گزشتہ ہفتے 71 لاشیں بہہ کر پہنچی تھیں، جس پر بہار کے حکام نے پریشانی کا اظہار کیا تھا، اور انہیں یہ خدشہ لاحق ہوگیا کہ اس طرح دریا بھی متاثر ہوسکتا ہے، اب بہار کی حکومت نے اس مقام پر جال لگادیا ہے، جہاں سے دریا اس کی حدود میں داخل ہوتا ہے، بہار کے آبی وسائل کے وزیر سنجے کمار نے جال لگانے کی اطلاع ٹوئٹ کے ذریعہ دی ، انہوں نے کہا کہ ہم نے ریاست کے بارڈر پر پولیس کا گشت بھی بڑھا دیا ہے، انہوں نے بتایا کہ جو لاشیں بہا ر پہنچی تھیں ، ہم نے ان کا پوسٹ مارٹم کیا ہے، اور وہ چار سے پانچ روز پرانی ثابت ہوئی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.