اٹلی میں بچوں کی پیدائش پر الاؤنس سمیت بڑا پیکج تیار

0

روم: اٹلی کی حکومت نے ملک میں گرتی ہوئی شرح پیدائش کو روکنے کے لئے بچوں کی پیدائش پر بونس سمیت دیگر ترغیبات دینے کا فیصلہ کیا ہے، اطالوی وزیراعظم ماریو دراغی نے بچے پیدا کرنے والے جوڑوں کے لئے تیار نئے پیکج سے متعلق کچھ تفصیلات بتادی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں شرح پیدائش مسلسل گررہی ہے، اور اب سرکاری ادارے ISTAT نے اس سال بچوں کی پیدائش 4 لاکھ سے بھی کم ہونے کی پیشگوئی کردی ہے، کرونا بحران کی وجہ سے پہلے سے گرتی شرح پیدائش میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، ISTAT کے صدر Carlo Blangiardo کے مطابق گزشتہ برس اٹلی میں 4 لاکھ 4 ہزار بچوں کی پیدائش ہوئی تھی، جو اس سال مزید کم ہوکر 3 لاکھ 84 ہزار تک ہوسکتے ہیں، ایسے میں پوپ فرانسس کی موجودگی میں ہونے والی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اطالوی وزیراعظم ماریو دراغی نے بچے پیدا کرنے والے جوڑوں کو یونیورسل الاؤنس دینے سمیت ترغیبات دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے بغیر ہمارا کوئی مستقبل نہیں، ہم پارلیمنٹ میں بچوں کی پیدائش پر جوڑوں کو مراعات دینے کا بل پیش کرنے جارہے ہیں۔

جاپان کے بعد اٹلی دنیا کی دوسری بزرگ آبادی والا ملک ہے جہاں 65 برس سے زائد عمر کی آبادی کی شرح 22 اعشاریہ 8 فیصد ہے۔

فیملی ایکٹ کے ذریعہ ہم بچوں کی پیدائش پر والدین کو دئیے جانے والے فوائد میں اضافہ کریں گے، والد کے لئے بھی چھٹیوں کی تعداد بڑھائیں گے، یونیورسل الاؤنس کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ حکومت جولائی سے جوڑوں کو یہ الاونس دینے جارہی ہے، یہ الاونس بے روزگار اور اپنا روزگار خود کمانے (سیلف ایمپلائیڈ) والوں کو بھی دیا جائے گا، جنہیں اس سے قبل فیملی الاونس نہیں دیا جارہا تھا، انہوں نے کہا کہ اگلے سال 2022 سے ہم اس الاونس کا دائرہ تمام ورکرز تک بڑھادیں گے، اطالوی وزیراعظم نے کہا کہ یہ الاونس مستقل جاری رہے گا، اور اسے آئندہ آنے والے برسوں میں ختم نہیں کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ آبادی میں کمی کے مسئلے سے دوچار اٹلی کے لئے 2020 بھاری سال ثابت ہوا تھا، اور ملک میں 1861 میں اٹلی کے اتحاد کے بعد یہ سب سے کم شرح پیدائش تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.