یواے ای نے پاکستانی تارکین کی عید خراب کردی، دیگر ممالک کیلئے ٹرانزٹ پروازوں سے متعلق بھی اہم فیصلہ

0

دبئی: متحدہ عرب امارات کے اچانک فیصلے نے پاکستانیوں سمیت ہزاروں پردیسیوں کی عید خراب کردی، پاکستان سمیت چار جنوبی ایشیائی ممالک کو ریڈ لسٹ میں شامل کرنے سے یورپ میں مقیم پاکستانی بھی متاثر ہوں گے، یو اے ای نے یہ فیصلہ ملک میں کرونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں دیگر ممالک کے برعکس کرونا کی صورتحال زیادہ خراب نہیں اور 23 کروڑ کی آبادی والے  پاکستان میں یومیہ کیس اب گزشتہ ایک ہفتہ سے 4 ہزار سے بھی کم ہوچکے ہیں، تاہم اس کے باوجود برطانیہ، کینیڈا، عمان اور سعودی عرب کے بعد اب متحدہ عرب امارات نے بھی پاکستان کو ریڈ لسٹ میں شامل کردیا ہے، یواے ای حکومت کے اعلان کے مطابق پاکستان، بنگلہ دیش، نیپال اور سری لنکا سے آنے والے مسافروں پر بدھ 12 مئی رات 12 بجے سے پابندی لگادی جائے گی، اور اس کے بعد ان چاروں ملکوں سے کوئی مسافر متحدہ عرب امارات میں داخل نہیں ہوسکے گا، پاکستان سمیت ان چاروں ملکوں کے ٹرانزٹ مسافروں پر بھی پابندی لگادی گئی ہے، یعنی یورپ جانے والی پاکستانی بھی اب دبئی سمیت یواے ای سے ٹرانزٹ نہیں کرسکیں گے، البتہ یورپ اور دیگر ملکوں سے براستہ  یواے ای ان ممالک میں جانے والے مسافروں کو سفر کی اجازت ہوگی۔

یعنی آپ لندن، میلان، روم، پیرس، میڈرڈ، بارسلونا، نیویارک سمیت کسی بھی شہر سے دبئی کے راستے پاکستان تو جاسکیں گے، لیکن پاکستان سے واپس دبئی کا ٹرانزٹ سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یواے ای حکام کے مطابق سفری پابندی سے متحدہ عرب امارات کے اپنے شہری، سفارتکار، سرکاری وفود، گولڈن ویزا ہولڈر اور کارباری شخصیات کے نجی طیارے مستثنیٰ ہوں گے، لیکن ان مسافروں کو بھی سفرسے 48 گھنٹے پہلے کرونا کا ٹیسٹ  کرانا ہوگا۔

عید خراب

متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کا نام اچانک سفری پابندی والی لسٹ میں شامل کرنے سے ہزاروں پاکستانی تارکین وطن کی عید خراب ہوگئی،  ایک طرف وہ ہزاروں پاکستانی جنہوں نے عید سے قبل آئندہ تین چار روز کے اندر عید منانے  پاکستان جانے کا فیصلہ کر رکھا تھا، اور مہنگی ٹکٹیں بک کرا رکھی تھیں، انہوں نے اس پابندی کے بعد ٹکٹ منسوخ کرانے شروع کردئیے ہیں، کیوں کہ انہیں خدشہ ہے کہ پابندی طویل ہونے کی صورت میں وہ پاکستان پھنس جائیں گے، اور ان کا ویزا ختم ہوسکتا ہے، دوسری جانب وہ ہزاروں پاکستانی تارکین جو عید منانے کے لئے پہلے ہی پاکستان پہنچے ہوئے ہیں، ان میں سے بڑی تعداد نے عید منائے بغیر بدھ سے پہلے واپس یواے ای پہنچنے کے لئے بھاگ دوڑ شروع کردی ہے، اور ٹکٹوں پر اضافی قیمت دے کر بھی واپس جانے کے لئے کوشاں ہیں۔

اس حوالے سے دبئی میں ایک ٹریول کمپنی کے منیجر راجہ وسیم نے  خلیجی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ پہلے سے چھٹی پر گئے ہوئے ہیں، اب وہ فوری واپسی کے لئے رابطے کررہے ہیں، ان کے پاس مسلسل لوگوں کی کالز آرہی ہیں، دوسری طرف جو لوگ عید منانے کے لئے جارہے تھے، انہوں نے   ٹکٹ کینسل کرانے شروع کردئیے ہیں، کیوں کہ انہیں خدشہ ہے کہ وہ واپس نہیں آسکیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.