خوشاب الیکشن پیپلزپارٹی کو کس طرح شرمندہ کرگیا، کتنے ووٹ ملے ؟

0

خوشاب: خوشاب کے ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کے امیدوار نے اتنے ووٹ لئے ہیں، کہ ان کا ہرجگہ چرچا ہورہا ہے، دوسری طرف کراچی کا ضمنی الیکشن متنازعہ انداز میں جیتنے کی دعویدار پیپلزپارٹی کی مقبولیت پر مزید سوالات کھڑے ہوگئے ہیں، اور اس کے لئے شرمندگی کا ساماں پیدا ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق خوشاب کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے امیدوار غلام حبیب کلیار نے صرف 235 ووٹ حاصل کئے جبکہ حلقہ پی پی 84 میں پولنگ اسٹیشن کی تعداد 229 تھی، اس طرح پی پی پی امیدوار تقریبا ً ہر پولنگ اسٹیشن سے ایک ہی ووٹ لے سکا ہے، عام انتخابات میں پنجاب میں بدترین شکست کے بعد پیپلزپارٹی پنجاب میں ضمنی الیکشن لڑنے سے کتراتی رہی ہے، اور ہر ضمنی الیکشن میں یا تو وہ امیدوار کھڑا ہی نہیں کرتی تھی، یا پھر ن لیگ کے حق میں بٹھا دیا جاتا تھا، اس طرح پی پی کا پردہ رہ جاتا تھا، ذرائع کے مطابق خوشاب میں بھی پیپلز پارٹی نے ن لیگ پر احسان جتانے کے لئے امیدوار کھڑا کیا ، اسے توقع تھی کہ ن لیگ امیدوار بٹھانے کی درخواست کرے گی، لیکن ن لیگ نے پی ڈی ایم میں دھوکہ دینے کا پی پی پی سے بدلہ لینے کا فیصلہ کیا، اور پی پی پی کی طرف سے پیغامات کےباوجود اسے امیدوار بٹھانے کیلئے نہیں کہا، جس کے نتیجے میں پیپلز پارٹی خوشاب ضمنی الیکشن میں بری طرح ایکسپوز ہوگئی ۔ اس کےامیدوار غلام حبیب کلیار صرف 235 ووٹ لے سکے، اور ساتویں نمبر پر آئے۔ یہ سیٹ ن لیگ کے امیدوار کے انتقال سے خالی ہوئی تھی،

مرحوم امیدوار کے بیٹے ملک معظم شیر کلو نے ہی 73 ہزار81 ووٹ لے کر فتح حاصل کی ۔ جب کہ تحریک انصاف کے امیدوار علی حسین خان نے 62 ہزار 903 ووٹ حاصل کیے اور دوسرے نمبر پر رہے۔ آزاد امیدوار امجد رضا نے 8ہزار 340 ووٹ لئے اور تیسرے نمبر پر رہے، جبکہ تحریک لبیک کے امیدوار حافظ محمد اصغر 5ہزار 782 ووٹوں کے ساتھ چوتھے، ایک اور آزادامیدوار نسیم عباس ایک ہزار 348 ووٹوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہے، آزاد امیدوار عمران حیدر336 ووٹوں کے ساتھ چھٹے نمبر پر رہے، جبکہ پی پی امیدوار 235ووٹ لے کر ساتویں پوزیشن حاصل کرسکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.