روم: اٹلی نے بھارت اور بنگلہ دیش میں کرونا کی خراب صورتحال کے پیش نظر وہاں سے آنے والوں کے ساتھ وہاں قیام کرنے والوں پر بھی اضافی پابندیاں عائد کردی ہیں، دوسری طرف انڈیا سے آنے والی آخری پرواز کے مسافروں کی سخت اسکریننگ جاری ہے، جبکہ انہیں قرنطینہ بھی کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ائر انڈیا کی پرواز AI 1123 کے ذریعہ روم پہنچنے والے 214 بھارتی مسافروں کی سخت اسکریننگ کی گئی ہے، اور انہیں قرنطینہ بھی کردیا گیا ہے، اطالوی سرکاری خبر ایجنسی ’’انسا‘‘ کے مطابق بھارت سے آنے والے ان مسافروں کو روم کے ہوٹل اور ایک فوجی مرکز میں قرنطینہ کردیا گیا ہے، ان میں 31 بچے بھی شامل ہیں، جن میں سے تین شیرخوار ہیں، اس سے پہلے بنگلہ دیش سے آنے والی پرواز کے مسافروں کی بھی اسی طرح اسکریننگ اور پھر قرنطینہ کیا گیا۔
دوسری طرف لازیو ریجن جس میں روم شامل ہے کے سربراہ نکولا زنگراتی نے نہ صرف ان ممالک سے پروازوں پر مکمل پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے، بلکہ اطالوی مرکزی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اس حوالے سے یورپی سطح پر اقدامات کرائے، ان کے اس مطالبے کے بعد اطالوی وزیر صحت رابرٹ سپرانزا نے بھارت اور بنگلہ دیش کے حوالے سے اضافی پابندی کا حکم نامہ جاری کردیا ہے، جس کے تحت اب ایسے افراد بھی اٹلی میں داخل نہیں ہوسکیں گے، جنہوں نے گزشتہ 14 روز کے دوران ان دونوں ملکوں میں قیام کیا ہوگا۔