سوئٹزرلینڈ نے پابندیوں میں بڑی نرمی کا اعلان کردیا

0

برن: سوئٹزرلینڈ نے کرونا کے کیس کم ہونے اور ویکسین مہم کو دیکھتے ہوئے لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کردیا ہے، یکم مارچ سے بہت سے شعبے کھول دئیے جائیں گے، حکومت نے کہا ہے کہ بتدریج سماجی اور معاشی سرگرمیاں معمول کی طرف لائی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق سوئس حکومت نے ملک میں کرونا کی صورتحال بہتر ہونے اور ویکسین مہم کو دیکھتے ہوئے یکم مارچ سے تمام دکانیں، میوزیم اور چڑیا گھر کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، اسی طرح لائبریریاں اور کھلی فضا والی کھیلوں کی سرگرمیاں بھی بحال کرنے کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ 22 مارچ سے ریستوران کھولنے کی اجازت بھی دی گئی ہے، یکم مارچ سے  کھلی فضا میں فیملی اور دوستوں کے ساتھ پروگرام بھی منعقد کئے جاسکیں گے، تاہم ان پروگراموں میں شرکا کی تعداد 15 تک رکھنی ہوگی، حکومت کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے باوجود ماسک اور سماجی فاصلوں کی پابندی برقرار رہے گی۔

ریستوران 22 مارچ سے کھولنے کی اجازت دی گئی ہے، اور انہیں اس تاریخ سے آؤٹ ڈور سروس فراہم کرنے کی اجازت ہوگی، حکومت کا کہنا ہے کہ اگر آنے والے دنوں میں وبا پر کنٹرول کی صورتحال مزید بہتر ہوتی ہے، تو ریستورانز کو انڈور سروس کی اجازت بھی دی جاسکتی ہے، واضح رہے کہ 86 لاکھ  کی آبادی کے حامل  سوئٹزرلینڈ میں اب تک کرونا سے 9 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جبکہ ساڑھے 5 لاکھ کیس سامنے آئے ہیں، حکومت وبا پر قابو پانے کے لئے تیزی سے   ویکسین لگارہی ہے، اور سات لاکھ کے قریب ویکسین کی خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.