تحریک کشمیر اٹلی کی یوم یکجہتی کشمیر کانفرنس، اٹلی بھر میں تحریک کو تیز کرنے کا اعلان

0

ویچنزا: تحریک کشمیر اٹلی کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کانفرنس کا انعقاد، لاک ڈاؤن کے بعد اٹلی بھر میں تحریک کو تیز کرنے کا اعلان، اطالوی پارلیمنٹ اور یورپی ایوانوں سے کشمیریوں پر مودی سرکار کے مظالم کا نوٹس لینے اور حق خودارادیت کے حوالے سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

تحریک کشمیر اٹلی نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ویچینزہ میں کانفرنس کا انعقاد کیا، کانفرنس کی صدارت صدر تحریک کشمیر اٹلی محمود شریف اور صدر اسلامک سوسائٹی اٹلی عامر گوندل نے کی جبکہ کانفرنس کا انعقاد نائب صدر تحریک کشمیر اٹلی چوہدری بابر وڑائچ نے کیا۔

صدر تحریک کشمیر اٹلی محمود شریف نے کہا کہ عالمی وباء اور حکومتی ایس او پیز کے باعث تحریک کشمیر اٹلی 5 فروری کا مرکزی احتجاجی پروگرام امسال نہیں کرسکی ہے، تاہم تحریک کو منظم کرنے اور احتجاجی سلسلے کو تیز کرنے کے لیے مختلف شہروں میں علامتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اطالوی پارلیمنٹیرین، یورپی ایوانوں اور مقامی اطالوی کمیونٹی تک بھارت کا مکروہ چہرہ اور مودی کے مظالم سے آگاہی کے لیے تحریک چلائی جائے گی۔ صدر اسلامک سوسائٹی اٹلی عامر گوندل نے کہا کہ تحریک کشمیر اٹلی کی تحریک میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کشمیریوں کی آزادی تک یہ جد وجہد جاری رہے گی، احتجاج کے اس سلسلے کو ایک بار پھر تیز کیا جائے گا۔

نائب صدر تحریک کشمیر اٹلی چوہدری بابر وڑائچ نے کہا کہ اٹلی میں پاکستانی کمیونٹی کشمیریوں بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہماری یی تحریک اسوقت تک جاری رہے گی جب تک کشمیریوں کا ان کا حق خوداریت نہیں مل جاتا، عالمی وباء کے باعث لگائی جانے والی پابندیوں کے فوری بعد احتجاجی مظاہروں کو سلسلہ ایک بار پھر شروع کیا جائے گا تاکہ اقوام متحدہ اور یورپی یونین کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے پر مجبور ہوجائیں اور کشمیری عوام بھی باقی دنیا کی طرح آزادی سے اپنی زندگی گزار سکیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.