اٹلی میں مہاجرین کیلئے اچھی خبر، تارکین وطن مخالف اتحاد میں پھوٹ

0

روم: اٹلی میں جاری سیاسی بحران کے حوالے سے تارکین وطن کیلئے اچھی خبر، یورپی بینک کے سابق سربراہ ماریو دراغی کے وزیراعظم نامزد ہونے سے تارکین وطن مخالف دائیں بازو کے اتحاد میں پھوٹ پڑگئی ہے،ماریو دراغی کے انتخاب سے تارکین وطن کو ڈاکومنٹ دینے سمیت دیگر پالیسیاں جاری رہ سکیں گی۔

تفصیلات کے مطابق اطالوی صدر سرجیو مترالے نے سیاسی رہنماؤں کی طرف سے نئے وزیراعظم کے انتخاب پر متفق ہونے میں ناکامی کے بعد بدھ کو ٹیکنو کریٹ وزیراعظم کے طور پر ماریو دراغی کو نامزد کردیا تھا، صدر کی طرف سے یہ انتخاب کامیاب ثابت ہوا، اور نئے الیکشن کا مطالبہ کرنے والے دائیں بازو کی اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد میں پھوٹ پڑگئی ہے، اپوزیشن اتحاد میں شامل سابق وزیراعظم اور فروزا پارٹی کے سربراہ برلسکونی نے کھل کر ماریودراغی کی حمایت کا اعلان کیا ہے، برلسکونی کا کہنا ہے کہ صدر کی جانب سے ماریو دراغی کا انتخاب بہترین فیصلہ ہے، اس سے ملک میں سیاسی یکجہتی کی فضا پیدا ہوگی، جبکہ ان کی اتحادی جماعت ایف ڈی آئی نے ماریو دراغی کی نامزدگی مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نئے الیکشن چاہتے ہیں۔

پارٹی کے رہنما جارجیا میلونی نے اپنے اتحادیوں برلسکونی اور میتیو سالوینی سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھی نئی حکومت بنانے کی کوششوں کی حمایت نہ کریں، دو اتحادیوں میں اختلافات سے اپوزیشن اتحاد کی بڑی اور اہم جماعت لیگ پارٹی کے رہنما ماتیو سالوینی بھی مشکل کا شکار ہوگئے ہیں، اور وہ بھی برلسکونی سے اتحاد بچانے کے لئے جمعرات کو نئے الیکشن کے مطالبے سے پیچھے ہٹتے نظر آئے۔

ماتیو سالوینی نے ماریو دراغی کو حکومت سازی کا موقع دینے کا اشارہ دیا ہے،اور کہا کہ وہ عارضی طور پر یہ سیٹ اپ قبول کرسکتے ہیں، لیکن ہمیں جلد نئے الیکشن کی طرف جانا ہوگا۔اس دوران نامزد وزیراعظم ماریو دراغی سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کا آغاز کرنے جارہے ہیں، اور جمعہ اور ہفتہ کو ان  کی پارلیمنٹ کی اہم جماعتوں کے ساتھ ملاقاتیں طے ہوگئی ہیں، جبکہ ان ملاقاتوں سے قبل ہی انہیں حکومت کے لئے مطلوبہ حمایت ملتی نظر آرہی ہے.

خیال رہے کہ اطالوی صدر نے کوشش تھی کہ جوسپے کونتے کو برقرار رکھا جائے، اور انہوں نے اسیپکر رابرٹ فیکو کو سیاسی جماعتوں سے بات چیت کا ٹاسک بھی دیا تھا، لیکن وہ ناکام رہے تھے، اور رینزی کی شرائط کے سبب سیاسی حکومت اور جوسپے کونتے کی واپسی کا راستہ بند ہوگیا تھا ،جس کے بعد صدر نے ماریو دراغی کو وزیراعظم نامزد کردیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.