سویڈن نے ورک پرمٹ کیلئے طریقہ تبدیل کردیا

0

اسٹاک ہوم: امیر یورپی ممالک میں شامل ملک سویڈن میں جہاں پاکستانیوں کی بھی بڑی تعداد آباد ہے، ورک پرمٹ اور فیملی ویزے کے لئے رولز تبدیل کردئیے گئے ہیں، نئے رولز کا اسی ماہ سے نفاذ کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق امیر یورپی ممالک میں شامل اسکینڈے نیوین ملک سویڈن پاکستانیوں سمیت دیگر ملکوں کے تارکین کے لئے پرکشش ملک سمجھا جاتا ہے، اس ملک میں سویڈش کے ساتھ ساتھ انگریزی بھی بڑے پیمانے پر بولی جاتی ہے، جس کی وجہ سے یونان سمیت کئی دیگر ممالک کے کاغذات کے حامل پاکستانی بھی وہاں منتقل ہوتے ہیں، سویڈن نے اب ورک پرمٹ کے لئے نئے رولز نافذ کردئیے ہیں، سویڈن مائیگریشن ایجنسی کے کا کہنا ہے کہ نئے رولز کا مقصد ورکرز کا استحصال روکنا ہے، سویڈن میں اس سال پہلے 5 ماہ کے دوران 29 ہزار ورک پرمٹ جاری کئے گئے ہیں، جو اس بات کو ظاہر کرتے ہیں کہ سویڈن ورکرز کیلئے پرکشش ملک ہے۔

نئے رولز کے تحت اب ورک پرمٹ کے لئے درخواست کے ساتھ ملازمت کا کنٹریکٹ بھی لگانا ہوگا، جبکہ ملازمت دینے والے ادارہ یا فرد کو بھی کام کی جگہ کے حالات کار کے بارے میں رپورٹ کرنی ہوگی، اس کے علاوہ اگر وہ ملازم کی ملازمت میں کسی طرح کی تبدیلی کرتا ہے، تو اس کی اطلاع بھی مائیگریشن ایجنسی کو لازمی دینی ہوگی، بصورت دیگر اس پر جرمانہ عائد کیا جاسکےگا۔سویڈش مائیگریشن ایجنسی کے شعبہ قانونی امور کے سربراہ کارل بیکسلز کا کہنا ہے کہ ان تبدیلیوں کا مقصد ایک طرف لیبر مارکیٹ کا فروغ اور دوسری جانب ورکرز کا ممکنہ استحصال روکنا ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے رولز کی بدولت غیر ملکی ورکرز کے حالات کار بہتر ہوں گے۔

بالخصوص اب چھوٹی چھوٹی غلطیوں پر انہیں ملازمت سے نکالا نہیں جاسکے گا، تاہم انہوں نے کہا کہ اس سے ورک پرمٹ کے اجرا میں وقت زیادہ لگ سکتا ہے، اس کے علاوہ فیملی ری یونین کے حوالے سے بھی رولز میں تبدیلی کی گئی ہے، اور فیملی بلوانے کے لئے گھروں کے معیار کو مقرر کیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.