اٹلی میں کرونا ایمرجنسی مدت میں توسیع کی تیاری، مخالفت میں کون سامنے آگیا؟

0

روم: اٹلی میں حکومت نے کرونا ایمرجنسی میں توسیع کا فیصلہ کرلیا، بیشتر حکومتی جماعتوں نے اس پر آمادگی ظاہر کردی ہے، تاہم دائیں بازو کی جماعتوں نے ایمرجنسی میں توسیع کے مجوزہ فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو سال کے بعد بھی ایمرجنسی کا کیا مقصد ہے۔

تفصیلات کے مطابق کرونا کی وبا کے بعد اٹلی میں حکومت کو ایس او پیز کے نفاذ سمیت پالیسیوں پر تیزی سے عمل درآمد کے لئے ضرورت تھی، جس کے لئے ایمرجنسی لگائی تھی، جو تقریباً پونے 2 سال سے چل رہی ہے، اب ایمرجنسی کی مدت ختم ہونے جارہی تھی، تاہم حکومت نے اومیکرون نامی وائرس سے لاحق خطرات کے پیش نظر اس میں 31 مارچ تک توسیع کا فیصلہ کرلیا ہے، اطالوی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق پی ڈی کے سیکریٹری انریکو لیٹا اور فائیو اسٹار موومنٹ کے جوسپے کونتے نے ایمرجنسی میں توسیع کی حمایت کی ہے، دوسری طرف حکومت میں شامل دائیں بازو کی جماعت لیگا نارڈ کے سربراہ ماتیو سالوینی نےاس حوالے سے محتاط ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کرونا کے ڈیٹا کا انتظار کررہے ہیں، اور اس حوالے سے مئیرز اور گورنرز سے مشاورت کریں گے، جبکہ دائیں بازو کی جماعت ایف ڈی آئی کی سربراہ گیورگیا میلونی نے تو کھل کر ایمرجنسی بڑھانے کی مخالفت کردی ہے، ان کا کہنا ہے کہ دو سال کے بعد بھی ایمرجنسی کا کیا مقصد ہے، اتنے عرصے کے بعد تو حکومت کو وبا سے معمول کے مطابق نمٹنے کے قابل ہوجانا چاہئے تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.