بڑا یورپی ملک بھنگ کے استعمال کی اجازت دینے کیلئے تیار

0

برسلز: بھنگ ہوش بھلاتی ہے، یا لاتی ہے، یہ تو پینے والے ہی جانتے ہوں گے، البتہ یورپ کے بڑے ملک نے بھنگ کے استعمال کی اجازت دینے کی تیاری کرلی ہے، بھنگ کو موج مستی کرنے والے قانونی طور پر استعمال کرسکیں گے، اس سے پہلے صرف علاج کے مقاصد کے لئے استعمال کی اجازت ہے۔

تفصیلات کے مطابق جرمنی میں نئی حکومت بنانے کے لئے جاری مذاکرات میں شامل تینوں جماعتوں سوشل ڈیموکریٹ، گرین اور ایف ڈی پی نے الیکشن کے دوران بھنگ کے قانونی استعمال کی اجازت دینے کا وعدہ کیا تھا، اور اب تینوں جماعتیں یہ وعدہ پورا کرنے کی تیاری کررہی ہیں، جرمن میڈیا کے مطابق بھنگ کے استعمال کی اجازت دینے سے متعلق تینوں جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے ہوگیا ہے، اگرچہ جرمنی میں 2017 سے بھنگ طبی مقاصد کے لئے طبی نسخہ ہونے پر استعمال کرنے کی اجازت ہے، تاہم اس کے عام استعمال کی اجازت نہیں ہے، جس کی وجہ سے بھنگ کے شوقین جرمن اسے بلیک مارکیٹ سے خریدتے ہیں، یا پڑوسی ملک ہالینڈ سے اسمگل کرکے لاتے ہیں، جہاں اس کی اجازت ہے۔

جرمن میڈیا کے مطابق اگرچہ بھنگ کے استعمال پر مسودہ کو ابھی حتمی شکل نہیں دی گئی، تاہم ہالینڈ ماڈل اپنانے پر غور جاری ہے، جس کے تحت لائسنس شدہ دکانوں پر بالغ افراد کو محدود مقدار میں بھنگ فراہم کی جاسکے گی، رپورٹ کے مطابق بھنگ کے استعمال کی اجازت دینے سےجرمن حکومت کو مالی فائدہ بھی ہوگا، اور سالانہ پونے 5 ارب یورو ٹیکس جمع ہوسکتا ہے، اس کے علاوہ حکومت کو ان مقدمات کے بوجھ سے بھی نجات ملے گی، جو اس وقت بھنگ استعمال کرنے والوں پر کئے جاتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.