دو بڑے موٹر وے بنانے کی تیاری مکمل، کھاریاں، راولپنڈی کا منصوبہ بھی شامل

0

اسلام آباد: حکومت نے دو بڑے موٹر وے منصوبے شروع کرنے کی تیاری کرلی ہے، ایک منصوبہ پنجاب اور دوسرا سندھ میں شروع کیا جائے گا، کھاریاں، راولپنڈی موٹروے منصوبے سے اوورسیز پاکستانیوں کو بھی بہت فائدہ ہوگا، 117 کلومیٹر طویل یہ چار لین موٹروے ہوگی، جسے 6 لین میں تبدیل کرنے کی سہولت میسر ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے دو بڑے موٹروے منصوبے شروع کرنے کی تیاری کرلی ہے، ان میں کھاریاں ، راولپنڈی موٹروے ، اور سکھر سے حیدرآباد تک موٹروے کی تعمیرشامل ہے، سکھر، حیدرآباد موٹروے 306 کلومیٹر طویل ہوگا، اور یہ مٹیاری، نوابشاہ، خیر پور اور نوشہروفیروز سے گزرے گا، منصوبے کے لئے زمین کی خریداری کا عمل شروع کیا جارہا ہے، جس کے لئے گزشتہ روز14 ارب روپے وفاقی حکومت نے جاری کردئیے ہیں، موٹروے کی تعمیر کے بعد کراچی سے پشاور تک موٹروے مکمل ہوجائے گا، لوگوں کو تیزرفتار سفر کی سہولت حاصل ہوگی۔

کھاریاں، راولپنڈی موٹروے

حکومت نے سیالکوٹ کھاریاں موٹروے منصوبے کا ٹھیکہ ایف ڈبلیو او کو دینے کے بعد اب کھاریاں سے راولپنڈی تک موٹروے کے دوسرے حصے کی تعمیر کے لئے بھی تیاری کرلی ہے، اور منصوبہ بندی کمیشن کے تحت پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ اتھارٹی نے منصوبے کے ٹرانزیکشن اسٹرکچر کی منظوری دے دی ہے، یہ موٹر وے مکمل ہونے سے جی ٹی روڈ پر واقع شہر لاہور، سیالکوٹ اور اسلام آباد سے موٹروے کے ذریعہ جڑ جائیں گے، اور انہیں تیز اور آرام دہ سفر کی سہولت حاصل ہوگی، لالہ موسیٰ، کھاریاں، سرائے عالمگیر، جہلم ، دینہ ، سوہاوہ، گوجر خان ، روات سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانی لاہور، اسلام آباد اور سیالکوٹ کے ہوائی اڈوں تک آنے جانے کے لئے اس موٹروے کا استعمال کرسکیں گے، منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 79 ارب لگایا گیا ہے، 117 کلومیٹر طویل یہ چار لین موٹروے ہوگی، جسے 6 لین میں تبدیل کرنے کی سہولت میسر ہوگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.