ثمن کے چچا کی اٹلی حوالگی کی قانونی جنگ فیصلہ کن مرحلے میں داخل 

0

پیرس: اٹلی میں لاپتہ پاکستانی لڑکی ثمن عباس کے فرانس میں گرفتار چچا کا معاملہ فائنل راؤنڈ میں داخل ہوگیا، فرانس کے دارالحکومت پیرس میں عدالت نے  ثمن کے چچا کی حوالگی کے لئے دائر اٹلی کی درخواست کی سماعت کی ہے، جس میں ایک بار پھر اٹلی حوالگی سے بچنے کیلئے قانونی جنگ لڑی گئی۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کے علاقے ریجو ایمیلیا سے اپریل میں لاپتہ پاکستانی لڑکی ثمن عباس کے کیس میں فرانس نے یورپی وارنٹ پر اس کے چچا دانش حسین کو ستمبر کے آخر میں گرفتار کیا تھا، اس سے پہلے ثمن کا ایک کزن اعجاز بھی فرانس سے گرفتار ہوا تھا، اور اس کی اٹلی حوالگی چند روز میں آسانی کے ساتھ ہوگئی تھی، تاہم دانش حسین نے اپنی اٹلی حوالگی کو فرانسیسی عدالت میں چیلنج کردیا تھا، اور کہا تھا کہ ثمن کے کیس سے اس کا کوئی تعلق نہیں، اور یہ کہ اٹلی کی جانب سے جاری کردہ حوالگی کا وارنٹ درست نہیں، اس حوالے سے پیرس کی عدالت میں بدھ کو تیسری سماعت ہوئی، جس میں ایک بار پھر  دانش حسین نے اپنے اوپر لگے الزامات غلط قرار دئیے اور استدعا کی کہ اسے اٹلی کے حوالے نہ کیا جائے۔

دانش حسین کی وکیل نے بھی اٹلی کی درخواست پر جاری کردہ یورپی وارنٹ چیلنج کئے، اور اپنے دلائل میں دانش حسین کی اٹلی حوالگی کی مخالفت کی، سماعت کے بعد عدالت نے 24 نومبر تک کے لئے کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا ہے، اس طرح کم ازکم اس تاریخ تک دانش حسین فرانس کی جیل میں ہی رہیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.