11 یورپی ملکوں کی پولیس کا انسانی اسمگلروں کیخلاف بڑا آپریشن
برسلز: انسانی اسمگلروں سے پریشان یورپی یونین کے ممالک کے مشترکہ بارڈر پولیس نے 11 ملکوں میں بڑے آپریشن کئے ہیں، جس کے دوران بڑے پیمانے پر گرفتاریاں کی گئی ہیں، جبکہ تارکین وطن کی طرف سے یورپ داخلے کی کوششیں بھی ناکام بنادی گئیں،اس آپریشن کو Joint Action Day (JAD) Danube کا نام دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کے رکن ممالک انسانی اسمگلروں سے پریشان ہیں، جو تارکین وطن سے پیسے لے کر انہیں اسمگل کرتے ہیں ، اور یہ کالا دھندہ اب اربوں ڈالر سالانہ کی مارکیٹ بن چکا ہے، جو انسانی اسمگلروں کی جیب میں چلے جاتے ہیں، اس حوالے سے اب یورپی بارڈ پولیس فرانٹکس نے وسطی اور جنوب مشرقی یورپی ممالک میں ستمبر کے دوران بڑے آپریشن کئے ہیں، جن میں 11 ملکوں ہنگری، یونان، سلواکیہ، سالوینیا، کروشیا، رومانیہ، سربیا، بوسنیا، شمالی مقدونیہ، مونٹی نیگرو اور البانیہ میں وہاں کے مقامی حکام کے تعاون سے کارروائی کی گئی ، ان چھاپوں میں 140 مشتبہ انسانی اسمگلروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
اس آپریشن کے دوران آسٹریا کے حکام کا تعاون بھی یورپی پولیس کو حاصل تھا، اور انہوں نے ساڑھے 6 ہزار سے زائد تارکین کا بھی پتہ چلایا ، جبکہ 13 چوری شدہ کاریں اور جعلی دستاویزات بھی بڑی تعداد میں برامد کی گئی ہیں۔