جرمنی میں ڈرائیوروں کی ہڑتال، ٹرینیں کب بحال ہونگی؟

0

برلن: جرمنی میں سرکاری کمپنی سے وابستہ ٹرین ڈرائیوروں کی دو روزہ ہڑتال پیر سے شروع ہوگئی ہے، اس ہڑتال میں اب کمپنی کے دیگر ملازمین بھی شامل ہوگئے ہیں، جس سے ٹرین سروس بری طرح متاثر ہوئی ہے، اور لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جرمنی کی سرکاری ریل کمپنی ڈوئیچے بان (ڈی بی) کے ٹرین ڈرائیوروں نے اپنے اعلان کے مطابق پیر سے دو روزہ ہڑتال شروع کردی ، اس سے پہلے ہفتہ کے دن سے مال ٹرینوں کے ڈرائیور ہڑتال پر چلے گئے تھے، ریل کمپنی نے مسافرٹرینوں کی ہڑتال سے قبل ڈرائیوروں کی یونین کے ساتھ مذاکرات میں انہیں قائل کرنے کی کوشش کی ، لیکن مذاکرات ناکام ہوگئے ، اور ڈرائیوروں نے تنخواہ اور بونس کے معاملے پر کمپنی کی پیشکش مسترد کردی ۔ ڈرائیوروں کی یونین اور کمپنی کے درمیان تنخواہوں میں اضافے کی شرح اور پینشن پر اختلافات پائے جاتے ہیں۔ اور رواں برس کے دوران یہ دوسری ہڑتال ہے،

تازہ ہڑتال 48 گھنٹوں کی ہے، اور بدھ کی صبح ڈرائیور کام پر واپس آجائیں گے، جرمن ریل سروس کا کہنا ہے کہ ہڑتال سے مختلف روٹ پر ٹرینیں متاثر ہوئی ہیں، واضح رہے کہ ریل یونین تنخواہ میں 3.2 فیصد اضافہ کا مطالبہ کر رہی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے بونس کے طور پر بھی ملازمین کو اضافی 700 ڈالر کی رقم ادا کی جائے۔ دوسری طرف ریل کمپنی آئندہ برس جنوری سے تنخواہوں میں ایک اعشاریہ پانچ فیصد اور پھر 2023 مارچ سے ایک اعشاریہ 75 فیصد کا اضافہ کر نے کی پیشکش کرچکی ہے، جسے یونین نے مسترد کردیا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.