اٹلی میں ثمن عباس کی تلاش جاری

0

ریجو ایملیا: اٹلی میں لاپتہ پاکستانی لڑکی ثمن عباس کے بھائی کے بیان کے بعد اطالوی پولیس نے تلاش کیلئے سرگرمیاں تیز کردی ہیں، اور زمین کے نیچے کا پتہ چلانے والی مشینیں منگوالی گئی ہیں، دوسری جانب فرانس میں گرفتار اس کے کزن کی حوالگی اور چچا اور دوسرے کزن کی تلاش کا کام بھی تیز کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں لاپتہ پاکستانی لڑکی ثمن عباس کے بھائی کے پولیس کو دئیے بیان کے بعد کیس کی صورتحال تبدیل ہوگئی ہے، ثمن کے بھائی نے تصدیق کی تھی کہ اس کی بہن اب دنیا میں نہیں ہے، اور یہ کہ اس کے چچا دانش حسین نے سب کچھ کیا ہے، اس بیان کے بعد اطالوی پولیس نے ایک طرف فرانس میں پکڑے گئے ثمن کے کزن اکرام اعجاز کی حوالگی کے لئے کارروائی تیز کردی ہے، تو دوسری جانب اس کے چچا دانش حسین اور دوسرے کزن جو ممکنہ طور پر یورپ میں کہیں چھپے ہوئے ہیں، ان کے لئے تمام یورپی ممالک بالخصوص فرانس، اسپین، سوئٹزرلینڈ اور بیلجئیم کی پولیس سے مدد طلب کرلی گئی ہے، پولیس کا خیال ہے ثمن کے والدین تو پاکستان چلے گئے تھے، لیکن اس کے چچا اور کزن اب بھی یورپ میں ہی موجود ہیں، ان کی پاکستان روانگی کا کوئی اشارہ یا شواہد نہیں ملے۔

دوسری طرف ثمن کی تلاش کے لئے Novellara میں اس کے گھر کے اطراف پولیس نے سرچ آپریشن تیز کردیا ہے، تربیت یافتہ کتوں کے بعد اب زیر زمین پتہ چلانے والی مشینیں بھی منگوالی گئی ہیں، الیکٹر و میگنو میٹر زمین میں 5 فٹ گہرائی تک پتہ چلانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

بارش سے خلل

بارش کے باعث تلاش کے کام میں کچھ خلل آیا تھا، تاہم موسم بہتر ہونے پر دوبارہ تلاش کا کام شروع کردیا گیا ہے، ثمن کے بھائی کے بیان کے بعد کہ یہ واقعہ 30 اپریل کو پیش آیا ہے، پولیس کو شبہ ہے کہ 29 اپریل کی سی سی ٹی وی ویڈیو میں ثمن کے چچا اور دونوں کزن بیلچے اٹھائے جو گھر کے پیچھے جاتے نظر آئے تھے، وہ ایک روز قبل ہی لڑکی کی جان لینے کا فیصلہ کرچکے تھے، اور گڑھا کھودنے گئے ہوں گے، ریجو ایمیلیا کی پراسیکیوٹر ازابیلا چیسی کا کہنا ہے کہ موسم بہتر ہوتے ہی ثمن کی تلاش کا کام دوبارہ شروع کردیں گے، دوسری طرف تفتیش میں مصروف اطالوی حکام کے حوالے سے خبر ایجنسی نے بتایا ہے کہ انہوں نے اکرام اعجاز کو فرانس سے لانے کے لئے وزارت داخلہ کے ذریعہ کوششیں تیز کردی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.