لندن میں کیا چیز پہنچنے پر ہزاروں غیرقانونی تارکین جمع ہوگئے؟

0

لندن: برطانوی دارالحکومت لندن میں ویکسین سے متعلق ایک اعلان سے ہزاروں غیر قانونی تارکین وطن جمع ہوگئے، رش کی وجہ سے پولیس کو معاملہ سنبھالنا پڑگیا، وہ لوگوں کو کنٹرول کرتے رہے، واضح رہے کہ  برطانیہ میں 30 سال اور اس سے اوپر کے افراد کو ویکسین لگائی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں کرونا ویکسین لگوانے کے لئے نیشنل ہیلتھ نمبر یا کوئی اور شناختی دستاویز درکار ہوتی ہے، ماضی میں علاج کے لئے اسپتال جانے کے بعد کچھ غیر قانونی تارکین کے پولیس کی نظروں میں آجانے اور ڈیپورٹ ہونے کے واقعات کی وجہ سے غیر قانونی تارکین وطن ویکسین لگوانے سے گریز کر رہے ہیں، اور وہ ویکسین سینٹرز یا اسپتالوں کا رخ نہیں کررہے، تاہم اب لندن میں جہاں ممکنہ طور پر سب سے زیادہ غیر قانونی تارکین وطن مقیم ہوسکتے ہیں، وہاں بغیر شناختی دستاویز طلب کئے، ویکسین لگانے کے لئے وین بھیجی گئی، یہ وین لندن کے چائنا ٹاؤن میں جمعرات کو بھیجی گئی، جس پر یہ بینر بھی لگایا گیا تھا کہ ویکسین لگوانے کے لئے کسی قسم کی رجسٹریشن نہیں کی جائے گی، اور نہ ہی کوئی دستاویز طلب کی جائے گی، یہ اطلاع ملتے ہی کونسل ویکسین بس کے ارد گرد ہزاروں افراد جمع ہوگئے، جو سب ویکسین لگوانے کے خواہشمند تھے۔

اس موقع پر دیکھا گیا کہ رش کی وجہ سے پولیس اہلکار لوگوں کو کنٹرول کرتے رہے، ویسٹ منسٹر کونسل کی اس ویکسین بس کو نیشنل ہیلتھ سروس کی طرف سے مدد فراہم کی گئی تھی، اور یہ بس غیرقانونی تارکین کی ویکسین کے لئے حوصلہ افزائی کی غرض سے مختلف علاقوں میں جارہی ہے، جمعہ کے دن اس بس کو پورٹو بیلو روڈ پر تعینات کیا جائے گا، اسی طرح کی ویکسین بسیں برطانیہ کے دوسرے شہروں میں بھی چلائی جارہی ہیں، جن میں لیوٹن اور بولٹن بھی شامل ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.