برآمدات، ٹیکس وصولی، اسٹا ک مارکیٹ، ملکی معیشت کیلئے ہر طرف سے اچھی خبریں

0

اسلام آباد: ملکی معیشت کے لئے اچھی خبروں کا تسلسل جاری ہے، ملکی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، جبکہ ٹیکس وصولی  بھی بڑھ  گئی ہے، دسمبر 2020ء میں ملکی برآمدات میں 18 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، دوسری طرف ٹیکس وصولی بھی ریکارڈ  ہوئی ہے، جبکہ اسٹاک ایکسچینج 44 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرگیا۔

تفصیلات کے مطابق دسمبر میں ملکی برآمدات 18 فیصد اضافہ کے ساتھ  ایک ارب 99 کروڑ ڈالر سے بڑھ کر 2 ارب 30 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، دسمبر کے مہینے میں یہ بلند ترین برآمدات  ہیں۔ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے بتایا کہ جولائی سے دسمبر 6 ماہ میں برآمدات 5 فیصد اضافہ ہوا ہے، اور یہ ساڑھے 11 ارب ڈالر سے بڑھ کر 12 ارب 10 کروڑ ڈالر ہوگئی ہیں، انہوں نے اس کامیابی پر برآمدکنندگان کو مبارکباد دی۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی ریکارڈ برآمدات پر تمام برآمد کنندگان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم ایکسپورٹ کلچر کو فروغ دینے کے لئے مکمل تعاون کریں گے، انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ  حکومتی کی معاشی حکمت عملی کا کلیدی ستون ہے۔

دوسری طرف ایف بی آر نے بھی جولائی سے دسمبر 2204 ارب کے ٹیکس جمع کرلئے ہیں، جو گزشتہ برس اس مدت میں 2101 ارب تھے، مجموعی طور پر ٹیکس وصولی میں 5 فیصد اضافہ ہواہے، اس کے ساتھ جمعہ کو اختتام ہفتہ پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کی ایک اور لہر انڈکس کو 44 کی نفسیاتی حد سے اوپر لے گئی، 679 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ  انڈکس 44 ہزار 434 پر بند ہوا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.