یورپی یونین نے پی آئی اے کی پروازوں کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرلیا

0

کراچی: پی آئی اے کے سیفٹی معیار پر اطمینان کا اظہار کرنے کے باوجود یورپی یونین نے قومی ائیرلائن سے پابندی ہٹانے سے انکار کردیا، یورپی حکام کا کہنا ہے کہ پائلٹوں کے لائسنس کا نظام ٹھیک نہیں، اس لئے پابندی جاری رہے گی، ایاسا نے پی آئی اے کو جوابی خط لکھ دیا۔

تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) عالمی اداروں کو مطمئن کرنے میں ناکام رہی، سول ایوی ایشن اتھارٹی سیفٹی مینجمنٹ سسٹم  کے قیام اور لائسنسنگ کے نظام پر وزارت ہوا بازی یورپین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ایاسا) کو مطمئن نہ کرسکی، ایاسا نے قومی انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) کی یورپ کیلئے پروازوں پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، ایاسا نے پی آئی اے کو جوابی خط لکھ دیا۔

 خط میں یورپی سیفٹی ایجنسی نے پروازوں کی سلامتی کے لیے سیفٹی مینجمنٹ سسٹم سے متعلق پی آئی اے کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا تاہم سی اے اے کی جانب سے پائلٹوں کے لائسنسنگ نظام میں بہتری کے لیے اقدامات نہ کیے جانے پر تحفظات ظاہر کیے، جس پر ایاسا نے پی آئی اے پر یورپ کے لیے پروازوں پرعائد پابندی غیر معینہ مدت تک کیلئے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستانی پائلٹوں کے جعلی لائسنسوں سے متعلق وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کے بیان  کے بعد یورپی یونین نے یکم جولائی سے چھ ماہ کیلئے پی آئی اے  کی پروازوں پر پابندی عائد کردی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.