برازیل میں ڈکیتی کی انوکھی واردات

0

سانتا کترینا: برازیل کی ریاست سانتا کترینا میں ڈاکوؤں کے گروپ نے کئی بینکوں پر لوٹ مار کے لئے دھاوا بول دیا، تاہم پولیس آنے پر فرار ہوتے ہوئے وہ عوام کی بھی موجیں کرا گئے، ڈاکوؤں نے بھاگنے کیلئے کرنسی نوٹ سڑکوں پر پھینکنے تاکہ عوام انہیں اٹھانے کے لئے پل پڑیں اور وہ بھاگ سکیں۔

تفصیلات کے مطابق برازیل کی ریاست سانتا کترینا کے شہر Criciúma میں 30 سے زائد ڈاکوؤں نے ایک ساتھ شہر کے اس حصے پر دھاوا بول دیا جہاں زیادہ تر بینکوں کی برانچیں موجود ہیں، ڈاکوؤں نے خوف وہراس پھیلانے کے لئے فائرنگ کی اور کئی گاڑیوں کو بھی آگ لگادی، تاہم واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری بھی وہاں پہنچ گئی، اور انہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، اس دوران ڈاکو بینکوں سے بڑی تعداد میں رقم لوٹنے میں کامیاب ہوچکے تھے، اور انہوں نے گاڑیوں میں پیسوں کے تھیلے منتقل کرلئے تھے۔

پولیس کے آنے پر ڈاکوؤں اور اہلکاروں میں مقابلہ شروع ہوگیا، اس موقع پر ڈاکوؤں نے خود کو پھنستا دیکھ کر ہوشیاری کی اور لوٹے ہوئے کرنسی نوٹ سڑکوں پر پھینکنے شروع کردئیے، تاکہ عوام انہیں اٹھانے کے لئے پل پڑیں، اور پولیس کی آنکھوں سے اوجھل ہونے میں انہیں آسانی ہوجائے۔عوام کی موجیں کرانے کا ڈاکوؤں کا یہ حربہ کامیاب رہا، اور جونہی لوگ کرنسی نوٹ اٹھانے کے لئے لپکے، پولیس کے لئے ڈاکوؤں پر نظر رکھنا مشکل ہوگیا، اور وہ اس کی آڑ میں گاڑیوں میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

شہریوں نے سڑک پر موجود گڈیوں اور بکھرے نوٹوں سے خوب انصاف کیا، پولیس چوروں کو تو گرفتار نہ کرسکی تاہم سڑک پر بکھرے نوٹوں اور نقدی کے پرزے جمع کرنے والے چار شہریوں کو ضرور دھر لیا۔ سوشل میڈیا پر شئیر کی گئی ویڈیوز میں کرنسی نوٹ سڑکوں پر بکھرے نظر آرہے ہیں، جبکہ شہر کے مئیر نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے گھروں پر رہیں، اور محتاط رہیں، اس گینگ کو پکڑنے کے لئے پولیس آپریشن کررہی ہے، اور فوج کے دستے بھی منگوائے گئے ہیں، اس دوران شہر کے ایک حصے میں فائرنگ کے تبادلے کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں، مقامی میڈیا کے مطابق ڈاکوؤں نے فرار ہونے کے لئے شہریوں کو بھی ڈھال کے طور پر استعمال کیا ہے، ایک موقع پر ڈاکوؤں نے شہریوں کو مجبور کیا کہ وہ سڑک کے درمیان بیٹھ جائیں، تاکہ پولیس کی گاڑیاں ان کے تعاقب میں نہ آسکیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.