گلگت الیکشن کیلئے 11 ہزار اہلکار طلب، تحریک انصاف، پیپلز پارٹی میں اصل مقابلہ

0

اسلام آباد: الیکشن میں فوج تعینات نہ کرنے کے فیصلے کے بعد گلگت بلتستان حکومت نے پولنگ  کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے وفاق سے 11 ہزار کے قریب اضافی سکیورٹی اہلکار مانگ لئے، علاقے میں الیکشن 15 نومبر کو ہورہے ہیں، جہاں پاکستان تحریک انصاف کا اصل مقابلہ بظاہر پیپلزپارٹی سے ہے۔

گلگت بلتستان کی سابق حکمران جماعت ن لیگ انتخابی دوڑ میں اب تک اپنا وجود منانے میں کامیاب نہیں ہوسکی، تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان میں 15 نومبر کو الیکشن ہورہے ہیں، تاہم اس بار اپوزیشن کے اعتراضات پر فوج کو سیکورٹی  کے لئے نہیں بلایا گیا، جی بی حکومت نے اب پولنگ کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کے لئے وفاق سے 11 ہزار اہلکار مانگ لئے ہیں، جو الیکشن سے چند روز قبل علاقے میں تعینات کردئیے جائیں گے، اور پولنگ کا عمل اور نتائج آنے کے بعد تک وہاں سیکورٹی کی ذمہ داریاں نبھائیں گے، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کیپٹن (ر) خرم آغا نے اس حوالے سے سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کو بریفنگ میں بتایا کہ الیکشن 15 نومبرکو ہوگا۔ الیکشن میں 745362 ووٹرز حق رائے دہی کا استعمال کریں گے، الیکشن کی سکیورٹی کیلئے وفاق و صوبوں سے 11 ہزار کے قریب اضافی سکیورٹی اہلکار مانگے ہیں، جبکہ گلگت بلتستان کے پاس دستیاب سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد 5 ہزار سے زائد ہے، اس طرح الیکشن کی سکیورٹی پر 16 ہزار اہلکار درکار ہوں گے۔ چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ حکومت نے الیکشن سیکورٹی  کے لئے فوج کی خدمات نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

تاہم کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوج کو کوئیک رسپانس کیلئے طلب کیا جاسکے گا۔ مجموعی طور پر 1141 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 297 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس جبکہ 280 حساس قرار دیئے گئے ہیں، چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کا کہنا تھا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی ورزی پر سیاسی جماعتوں کو 76 شوکاز نوٹسز جاری  کئے ہیں، سب سے زیادہ نوٹسز پیپلز پارٹی کو جاری کئے گئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.