پی آئی اے میں صفائی کا عمل تیز، مزید ملازم فارغ کردئیے

0

اسلام آباد: قومی انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) نے غیرقانونی سرگرمیوں اور جعلسازی میں ملوث ملازمین کے خلاف کارروائی تیز کردی ہے، کرپشن، جعلی اسناد اور اسمگلنگ سمیت دیگر الزامات ثابت ہونے پر ادارے نے مزید 23 ملازمین کو برطرف کردیا ہے، مجموعی طور پر 38 ملازمین کے خلاف  انکوائریاں کی گئیں،10 ملازمین شکایات کی تحقیقات میں کلئیر ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق سی ای او ائر وائس مارشل ارشد ملک کی طرف سے قومی ایئر لائن میں میں اصلاحات اور احتساب کا عمل تیزی سے جاری ہے اور ائرلائن کو کالی بھیڑوں سے پاک کیا جارہا ہے، اس حوالے سے اکتوبر میں 23 ملازمین کے خلاف کا رروائی کی گئی ہے، جن پر الزامات کی فہرست بھی جاری کی گئی ہے۔ فارغ کیے گئے ملازمین میں سے 5 جعلی ڈگریوں پر بھرتی ہوئے تھے، جبکہ 6 ملازمین بغیر اطلاع کے طویل عرصے سے ڈیوٹی پر نہیں آرہے تھے، اسی طرح سرکاری معلومات غیر قانونی طور پر افشا کرنے پر ایک ملازم کو گھر بھیجا گیا ہے۔ قومی ائر لائن کی انتظامیہ نے کرپشن  اور غبن میں ملوث 5 ملازمین کو بھی ملازمت سے فارغ کردیا ہے جبکہ اسمگلنگ میں ملوث ایک ملازم کو برطرف کیا گیا ہے۔ اسی طرح چوری اور ریکارڈ تباہ کرنے پر 5 ملازمین نوکریوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ اعلیٰ حکام کی ہدایات نظر انداز کرنے پر 3 کی تنزلی کی گئی ہے، اس کے علاوہ پی آئی اے نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کر نے والے 5 ملازمین کو تنخواہ میں کمی کر کے سزا دی ہے، جبکہ 7ملازمین کو وارننگ لیٹر جاری کئے گئے ہیں۔

جبکہ 10 ملازمین شکایات کی تحقیقات میں کلئیر ہوگئے، دوسری جانب پی آئی اے نے اچھی کارکردگی کے مظاہرے پر 11 ملازمین کو تعریفی اسناد اور 5 کو کیش ایوارڈ دئیے ہیں، پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ بغیر کسی دباؤکے ائر لائن میں احتساب کا نظام جاری ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.