اٹلی کا پاکستان کے لئے بڑا تحفہ

0

لاہور: اٹلی نے پاکستان میں نیا سینٹر قائم کردیا، جس سے پاکستانی معیشت کو فائدہ پہنچے گا اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے، یہ سینٹر لاہور میں قائم کیا گیا ہے، اٹلی نے پاکستان کی جوتا سازی کی صنعت کو جدید بنانے اور اس کی برآمدات میں اضافے کے لئے بڑی مدد کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں بڑا مرکز قائم کردیا ہے، جسے اٹلی پاکستان فٹ وئیر ٹیکنالوجیکل سینٹر (آئی پی ایف ٹی سی ) کا نام دیا گیا ہے، اس سینٹر کی افتتاحی تقریب میں اٹلی کے پاکستان میں سفیر اینڈرس فریرس نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعہ شرکت کی، جبکہ افتتاح پنجاب کے وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے کیا، اطالوی سفیر نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ یہ سینٹر  اٹلی کی طرف سے پاکستان کے لئے تحفہ ہے، اس کے ذریعہ دونوں ملکوں میں باہمی تعاون بڑھے گا، انہوں نے کہا کہ اس سینٹر کے قیام سے پاکستان کی جوتا سازی کی صنعت کو جدید بنانے میں مدد ملے گی، اور اس طرح اس کی عالمی مارکیٹ میں  رسائی بڑھے گی، انہوں نے بتایا کہ سینٹر کے لئے اٹلی نے جدید مشینری فراہم کی ہے۔

منصوبے کے کنسلٹنٹ اور اٹلی کے فٹ وئیر ڈیزائنر ماریو پوسی نے ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سینٹر کی تعمیر سے بالخصوص اس شعبے میں پاکستان کا تجارتی والیم بڑھے گا، انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان اور اٹلی کے درمیان جوتا سازی کے شعبے میں تجارتی حجم 15 ملین یورو ہے، لیکن مجھے یقین ہے کہ کرونا کی مشکل صورتحال کے باوجود اس میں بڑا اضافہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جوتا سازی کی صنعت کو جدید بنانے کیلئے اٹلی تعاون جاری رکھے گا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ سینٹر کا قیام مقامی صنعت کے لئے بہت سود مند ثابت ہوگا، حکومت جوتا سازی کی صنعت کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کررہی ہے، نوجوانوں کی تربیت کے لئے ڈیڑھ ارب مختص کئے گئے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.