نوازشریف کے خطاب پر پابندی عائد

0

اسلام آباد: پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے نوازشریف کے خطاب اور انٹرویو نشر کرنے پر پابندی لگادی ہے، پیمرا نے اس حوالے سے ٹی وی چینلز کو احکاما ت جاری کردئیے ہیں، دوسری طرف توشہ خانہ ریفرنس میں اشتہاری قرار پانے کے بعد عدالت نے نوازشریف کی جائیداد ضبطگی کا حکم  جاری کردیا۔

تفصیلات کےمطابق پیمرا نے ن لیگ کے لندن میں مقیم قائد نوازشریف کے بیانات یا انٹرویو نشر کرنے پر پابندی لگادی ہے، پیمرا نے اس حوالے سے نوازشریف کا مخصوص ذکر کئے بغیر چینلز کو یاد دہانی کا لیٹر جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ قانون کے تحت کسی بھی اشتہاری ملزم کا بیان، خطاب یا انٹرویو نشر کرنے پر پابندی ہے، واضح  رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے ایم کیو ایم لندن کے قائد الطاف حسین کے خطاب پر بھی اشتہاری ہونے کی وجہ سے پابندی لگائی تھی، چینلز کا یاد دہانی کراتے ہوئے اس کی خلاف ورزی سے باز رہنے کا انتباہ کیا گیا ہے۔

جائیداد ضبطگی کا حکم

ادھر اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کے اثاثوں کو ضبط کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ احتساب عدالت کے جج اصغر علی نے کیس کی سماعت کی، جہاں نیب نے عدالتی حکم کے مطابق نواز شریف کے ملک میں موجود اثاثوں کا ریکارڈ پیش کیا، جن میں زرعی و دوسری جائیدادیں، گاڑیاں اور بنک اکاؤنٹس شامل ہیں۔ احتساب عدالت نے ان اثاثوں کی قرقی کا حکم دے دیا۔ ان میں نواز شریف کا مری کا قیمتی بنگلہ، لاہور میں 1650 کنال سے زائد زرعی اراضی، مرسیڈیز، لینڈ کروزر، 2 ٹریکٹرز، لاہور کے نجی بنک میں ملکی و غیر ملکی اکاؤنٹس اور شیخوپورہ میں 102 کنال زرعی اراضی شامل ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.