اپوزیشن الائنس کا اتحاد خطرے میں پڑ گیا

0

لاہور: ن لیگ کے مرکزی رہنما خواجہ آصف نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف زرداری کے خلاف بیان دے کر نئے بننے والے اپوزیشن اتحاد کے لئے خطرے کی گھنٹی بجادی،دوسری طرف بلاول بھی اچانک دبئی چلے گئے ہیں جس سے ن لیگ میں موجود پی پی کے مخالف رہنماؤں نے شکوک کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ن لیگ کی قیادت کی جانب سے پیپلزپارٹی کے ساتھ اتحاد پر پارٹی کے ان رہنماؤں کو تحفظات ہیں جو ساری عمر بالخصوص آصف زرداری کو کرپٹ اور مسٹر ٹین پرسنٹ جیسے خطاب دیتے آئے ہیں۔  تاہم نوازشریف اور مریم کی وجہ سے وہ بے بس ہیں، لیکن اب ان میں سے سینئیر رہنما خواجہ آصف نے اس کا کھل کر اظہار کردیا ہے۔ ایکسپریس ٹی وی کے میزبان منصور علی خان کے پروگرام میں خواجہ آصف نے زرداری کو ناقابل بھروسہ قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں بار بار یہ کہوں گا کہ میر ے  لئے زرداری پر بھروسہ کرنا مشکل ہے، مجھے ان کے بارے میں تحفظات ہیں، میری پی پی سربراہ کے بارے میں سوچ تبدیل نہیں ہوئی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ سیاست میں کوئی مستقل دوست یا دشمن نہیں ہوتا۔ حالات کے مطابق فیصلے لئے جاتے ہیں، لیکن میری رائے زرداری کے بارے میں نہیں بدلی ہے۔

بلاول کی روانگی

ایسے موقع پر جب نیا بننے والا اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم اپنی سرگرمیاں شروع کرنے جارہا ہے اور کوئٹہ میں 11 اکتوبر کے جلسے کی تیاریاں جاری ہیں، بلاول زرداری اچانک دبئی چلے گئے ہیں، ان کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ بلاول کچھ دن آرام اور دبئی میں اپنے دوستوں کے ساتھ وقت گزاریں گے۔ بلاول کی دبئی روانگی پر ن لیگ کے کچھ رہنماؤں نے نجی طور پر تحفظات کا اظہار کیا ہے کہ پی پی قیادت پھر ان کے ساتھ دھوکہ کرسکتی ہے جیسا کہ 2007 میں میثاق جمہوریت کے بعد اس نے مشرف کے ساتھ جا کر این آر او کرلیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.