پی آئی اے کا یورپ کیلئے فلائٹ آپریشن بحال ہونے کا امکان روشن

0

اسلام آباد:پی آئی اے میں اصلاحات رنگ لانے لگیں،جعلی لائسنس ہولڈر پائلٹس کو فارغ کرنے اور حفاظتی معیارات پر توجہ دینے سے پی آئی اے دیگر ٹاپ ائیر لائنز کی صفوں میں شامل ہونے کیلئے تیار، انٹرنیشنل ائرٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن(ایاٹا) کی ٹیم نے فزیکل آڈٹ کے بعد ائیرلائن پر اعتماد کا اظہار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ایاٹا کی ٹیم پی آئی اے کے حفاظتی معیارات سمیت تمام شعبوں کے آڈٹ کیلئے 7 ستمبر کو پاکستان پہنچی تھی، ٹیم نے ایک ہفتے سے زائد پی آئی اے کے مختلف شعبوں بشمول فلائٹ انجیئرنگ، فلائٹ آپریشن، گراؤنڈ ہینڈلنگ، فلائٹ سیفٹی اور سیکورٹی کا معائنہ کیا،ٹیم نے پی آئی اے ہیڈ آفس کا بھی دورہ کیا۔

ایاٹا ٹیم نے پی آئی اے کے پرفارمنس آڈٹ کے بعد عبوری رپورٹ تیار کرلی ہے، جس میں پی آئی اے کے حفاظتی معیارات سمیت پرفارمنس پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔ پی آئی اے حکام کے مطابق ایاٹا اس حوالے سے جلد رپورٹ جاری کردے گی، ایاٹا کی اطمینان بخش رپورٹ کے بعد پی آئی اے پر یورپی پابندی بھی ہٹنے کا امکان روشن ہوجائے گا۔

خیال رہے کہ یورپی یونین نے جون میں پی آئی اے پر 6 ماہ کی پابندی لگائی تھی جو دسمبر تک ہے،پی آئی اے نے پابندی کے خلاف اپیل دائر نہیں کی تھی اور حکام نے فیصلہ کیا تھا کہ پہلے سیفٹی معیارات پر ایاٹا کی رپورٹ اور دسمبر تک کا انتظار کیا جائے گا، جس کے بعد پابندی کا خاتمہ آسان ہوجائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.