دیرینہ مطالبہ پورا، اوورسیز پاکستانیوں کیلئے روشن ڈیجیٹل اسکیم کا افتتاح, اکاؤنٹ کھولنے کا طریقہ، فوائد جانیئے

0

اسلام آباد: حکومت نے لاکھوں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے روشن ڈیجیٹل  اکاوئنٹ متعارف کرادیا ہے، اب آپ بیرون ملک  بیٹھ کر ملک میں تمام بینکنگ کرسکیں گے، اس اکاؤنٹ کیلئے کسی بینک جانے کی بھی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ آپ جس بھی ملک ہوں وہی سے آپ اکاؤنٹ کھلوانے سمیت دیگر کام کرسکیں گے۔

اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لئے ’’احساس نیوز‘‘ بھی  آپ کو اکاؤنٹ کھولنے کا طریقہ بتارہا ہے، جبکہ اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ پر جاکر بھی آپ اسے سمجھ اور اس پر عمل کرکے اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان جو برسراقتدار آنے کے بعد سے اوورسیز پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے کے لئے کوشاں ہیں، انہوں نے اب اہم قدم اٹھاتے ہوئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ منصوبے کا بھی افتتاح کردیا ہے، یہ اکاؤنٹ خالصتاً اوورسیز پاکستانیوں کے لئے کھولا گیا ہے، اور اس کی منفرد بات یہ ہے کہ آپ دنیا کے کسی بھی کونے میں ہوں، اپنے گھر، دفتر یا کام والی جگہ پر بیٹھ کر یہ اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں، اس اکاؤنٹ کو کھولنے کیلئے آپ کو صرف کمپیوٹر یا موبائل فون درکار ہوگا، اور چند ضروری دستاویزات اپ لوڈ کرنے کی سہولت ۔

اکاؤنٹ کس طرح کھولا جاسکتا ہے؟

روشن ڈیجیٹل اکاوئنٹ  صرف بیرون ملک مقیم پاکستانی کھول سکتے ہیں ،   اس کے لئے  سب سے پہلے آپ   کو  اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ http://www.sbp.org.pk/RDA/index.html کھولنی ہوگی، آپ جیسے ہی اس پیج پر جائیں گے ، تو آپ کو روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا لوگو نظر آئے گا، آپ  کو سب سے اوپر اکاؤنٹ کے حوالے سے انگریزی میں دی گئی ہدایات نظر آئیں گی،  لیکن آپ جوں ہی پیج کے نیچے جائیں گے تو آپ کوOpen an Account یعنی اکاوئنٹ کھولیں  لکھا نظر آئے گا۔

جس کے نیچے ان بینکوں کے لوگو نظر آئیں گے، جن میں آپ یہ اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں، آپ کو یہاں اپنی مرضی کے بینک کا انتخاب کرنا ہوگا، اور پھر اس بینک پر کلک کرنا ہوگا، جس کے بعد آپ کا اکاؤنٹ کھولنے کا عمل شروع ہوجائے گا، طریقہ کار  کچھ یوں ہوگا۔

1۔ پہلے آپ مرضی کے بینک کےنام پر کلک کریں گے ، جس کے بعد اس بینک کا  روشن ڈیجیٹل اکاوئنٹ کا فارم   کھولا جائے گا،

2۔ آپ کو یہ فارم   ڈیجیٹل یعنی کمپیوٹر یا اپنے فون کے ذریعہ ہی بھرنا ہوگا۔

3۔ آپ  اکاوئنٹ غیرملکی کرنسی میں کھولنا چاہتے ہیں یا پاکستانی روپے، اس  کا انتخاب آپ کو فارم میں کرنا ہوگا۔

4۔ اس کے بعد آپ کو دستاویزات اپ لوڈ کرنی ہوگی، ان دستاویزات میں نمبر ایک یہ ثبوت دینا ہوگا کہ آپ نان ریذیڈینٹ پاکستانی ہیں، اور ملک سے باہر رہتے ہیں، نمبر 2۔ شناختی کارڈ، نائیکوپ  یا متعلقہ ملک کے پرمٹ کی  کاپی اپ لوڈ کرنی ہوگی، 3۔ پاسپورٹ کی کاپی، نمبر 4 آپ کو اپنا  ملازمت یا کاروبار جو بھی آپ کرتے ہیں، اس کا ثبوت دینا ہوگا، ملازمت کرنے والے اپنی سیلری سلپ یا ملازمت کے کنٹریکٹ وغیرہ کی کاپی اپ لوڈ کریں گے، جبکہ کاروباری افراد کو اپنا ٹیکس ریٹرن یا کرائے کی سلپ یا کوئی اور ثبوت دینا ہوگا۔

5۔ اس کے بعد آپ کی ڈیجیٹل تصویر وہیں لی جائے گی، جو لائیو اپ لوڈ ہوگی۔

6۔ متعلقہ بینک آپ کو 48 گھنٹوں کے اندر اکاؤنٹ کھلنے سے آگاہ کردے گا۔

اکاؤنٹ کے فوائد

روشن ڈیجیٹل اکاوئنٹ کے ذریعہ آپ باہر بیٹھ کر بھی پاکستان میں اپنے خاندان کی ضروریات ایک کلک پر پوری کرسکیں گے، بچوں کی فیس سے لے کر یوٹیلٹی بل کی ادائیگی تک، فنڈر ٹرانسفر سے لے کر ای کامرس تک، یہ ساری سہولتیں آپ کو اس اکاؤنٹ کے ذریعہ حاصل ہوں گی۔

پرکشش منافع

حکومت نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں 11 فیصد تک کا پرکشش منافع بھی رکھا ہے، اس کے علاوہ اس اکاؤنٹ کے ذریعہ آپ پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں بھی سرمایہ کاری کرسکیں گے، اکاؤنٹ میں موجود رقم آپ کسی بھی وقت پاکستان سے واپس اپنے قیام والے ملک میں لے جاسکیں گے، اور اس پر کوئی پابندی  اور اجازت کی ضرورت نہیں  ہوگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.