خبردار! اٹلی میں ساحل سے ریت لے جانا آپ کو بہت مہنگا پڑسکتا ہے

0

روم: پاکستان میں تو ریت مفت ہے، آپ جب چاہیں، دریا یا کسی بھی ایسی جگہ سے اٹھالیں، کوئی آپ کو نہیں پوچھے گا، لیکن اٹلی میں ایسا نہیں ہے، اٹلی میں ساحلوں سے ریت لے جانا آپ کو بہت مہنگا پڑسکتا ہے، اس لئے اٹلی میں جب بھی آپ ساحل پر جائیں، تو وہاں سے ریت ساتھ لے جانے کی غلطی کبھی نہ کریں، ورنہ آپ کو فرانسیسی سیاح کی طرح پچھتانا پڑے گا۔

جی ہاں اطالوی حکام نے سردانیہ کے ساحل سے 4 پونڈ ریت لے جانے کی کوشش کرنے والے ایک فرانسیسی سیاح پر ایک ہزار یورو جرمانہ کیا ہے ،فرانسیسی سیاح یہ ریت اپنے سامان میں لے کر جارہا تھا، اٹلی کے اس خوبصورت ساحل کی سفید ریت کو لے جانا جرم ہے، اور ایسا کرنے والے کو جرمانے کے ساتھ جیل کی ہوا بھی کھانی پڑسکتی ہے۔

فرانسیسی سیاح جس کا نام جاری نہیں کیا گیا، اس وقت پکڑا گیا، جب وہ کیلگری الماس ائرپورٹ سے جارہا تھا، اس کے قبضے سے بوتل برآمد ہوئی، جس میں 4 پونڈ ریت تھی۔

امریکی ٹی وی سی این این کے مطابق اطالوی حکام نے بوتل قبضے میں لے لی، اور سیاح پر جرمانہ کردیا گیا۔

واضح رہے کہ سردانیہ کے علاقے میں تین برس قبل ساحلوں سے ریت لے جانے کو غیر قانونی قرار دیا گیا تھا اور ریت کی مقدار کے لحاظ سے 500 سے 3 ہزار یورو جرمانہ مقرر کیا گیا ہے، مقامی حکام کا کہنا ہے کہ علاقے کی ریت بہت خوبصورت ہے ، اور گزشتہ برس ایک ویب سائٹ اسے سووئینر کے طور پر فروخت کرتی پائی گئی تھی ، اس لئے ریت کے تحفظ کو اہمیت دی جاتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.