راولپنڈی، اسلام آباد میں وقفے وقفے سے تیز بارش، اربن فلڈنگ کا خدشہ، ریڈ الرٹ جاری

0

اسلام آباد: جڑواں شہروں میں میں وقفے وقفے سے تیز بارش اور ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کے پانچ علاقوں میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا۔

میٹر وپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد مئیر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق ایم سی آئی کے تمام ذیلی دفاتر کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں جبکہ تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں اور انہیں 24 گھنٹے دفاتر میں موجود رہنے کا کہا گیا ہے۔

تمام متعلقہ اداروں سے کہا گیا ہے کہ تین شفٹوں میں عملے کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ انکے متعلقہ علاقوں میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جاسکے ۔ وفاقی دارالحکومت میں غوری ٹاؤن فیز5، سواں گارڈن، آئی 8 اور آ ئی 9 میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ نالہ کورنگ کے اطراف آبادیوں میں بھی سیلاب کا خدشہ ہے۔

اسلام آباد میں قائم کچی آبادیوں میں بھی سیلاب آ سکتا ہے، ممکنہ سیلابی صورتحال کے باعث اسلام آباد کے تمام ہسپتالوں میں بھی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔اسلام آباد میں سیلابی صورتحال سے بچنے کیلئے 12 ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں، ریلیف کیمپس اسلام آباد کے 12 سرکاری سکولوں میں قائم کیے گئے، تیز بارش کے باعث تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

ڈائریکٹر ایمر جنسی اینڈ ڈیزاسٹر منیجمنٹ جوائنٹ فلڈ ریلیف سیل کے سربراہ کی حیثیت سے فوکل پرسن کے طور پر کام کریگا اور ضرورت پڑنے کی صورت میں مشینری ،عملہ اور ساز وسامان کے انتظامات کریگا ۔ ایمر جنسی اینڈ ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے کنٹرول روم مثلاً فائربریگیڈ ہیڈکوارٹرز کے یونیورسل نمبرز ،وائرلس فون کے ساتھ ساتھ موبائل نمبر ز ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ایم سی آئی اور آئی سی ٹی اے کے درمیان رابطے کےلئے دستیاب ہونگے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.