انسانی اسمگلرز پھر سرگرم، مغربی ممالک کے ویزے لگوانے کا جھانسہ دیکر لوٹنے لگے
بشکیک: یورپ،امریکہ ،آسٹریلیا،جاپان اور کینیڈا کے ویزے دلانے کا جھانسہ دے کر لوگوں کو لوٹنے والا گروہ فیس بک پر پھر سرگرم ہوگیا،وسط ایشیائی ریاستوں بالخصوص کرغزستان میں بیٹھ کر یہ فراڈ کیا جارہا ہے،نوجوانوں کو مغربی ممالک کے ویزے دلانے کے سہانے خواب دکھا کر ہزاروں ڈالر اینٹھ لئے جاتے ہیں اور پھر یہ جعلساز غائب ہوجاتے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق فیس بک پر کچھ جعلساز گروپ پھر سرگرم ہوگئے ہیں جو پاکستانی نوجوانوں کو وسط ایشیائی مسلم ریاستوں کرغزستان ،آذربائیجان ،ترکمانستان سے امریکہ، کینیڈا اور یورپی ممالک کے ویزے دلانے کا جھانسہ دیتے ہیں اور ان ممالک میں بلوا کر ہزاروں ڈالر ویزوں کے نام پر اینٹھ کر رفو چکر ہوجاتے ہیں ۔
کچھ نوجوانوں کو جعلی ویزے تھما دئیے جاتے ہیں جس پر کئی پاکستانی ماضی میں ان ممالک کے ائیر پورٹس پر پکڑے بھی جاچکے ہیں اور انہیں کئی کئی ماہ وہاں کی جیلوں میں پریشانی کے عالم میں گزارنے پڑے۔
اس حوالے سے کر غزستان میں پاکستانی سفارتخانے نے الرٹ بھی جاری کیا ہے جس میں لوگوں کو ان جعلسازوں اور فراڈیوں سے ہوشیار کیا گیا ہے۔
بشکیک میں پاکستانی سفارتخانے نے بیان جاری کیا ہے کہ فیس بک پر یہ گروہ پھر سرگرم ہونے کی اطلاعات ہیں۔ لہذا لوگ ان سے ہوشیار رہیں اور ان کے چنگل میں نہ پھنسیں۔
سفارتخانے نے یاد دلایا ہے کہ گزشتہ برس بھی ان انسانی اسمگلروں کے چنگل میں پھنس کر تین پاکستانی بشکیک میں گرفتار ہوگئے تھے،جنہیں سفارتخانے نے کیس لڑکر عدالت سے رہا کرایا تھا اور ان پاکستانیوں کو ہزاروں ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔
سفارتخانے نے پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نہ صرف خود ان جعلسازوں سے بچیں بلکہ دوسروں کو بھی آگاہ کیا جائے۔