اٹلی کے علاقے پالیرمو میں طوفانی بارش نے شہر ڈبو دیا، 2 افراد ہلاک

0

پالیرمو: اٹلی کے علاقے پالیرمو میں دو گھنٹے تک ہونے والی طوفانی بارش نے پورے علاقے کو ڈبو دیا ہے، حادثات میں دو افراد ہلاک جبکہ متعدد لاپتہ ہوگئے۔

اطالوی میڈیا نے 2 گھنٹے جاری رہنے والی بارش کو ’’واٹر بم ‘‘ سے تشبیہ دی ہے ، جس نے ہر طرف پانی ہی پانی کردیا ، سڑکوں اور گلیوں میں سیلاب کے باعث متعدد افراد لاپتہ ہونے کی بھی اطلاعات ہیں ،جنہیں امدادی کارکن تلاش کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

یہ اس علاقہ میں گزشتہ 200 برسوں میں آنے والا سب سے بڑا برساتی طوفان تھا، بارش سے انڈرپاس اور سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہوگیا ، اور لوگ جانیں بچانے کے لئے گاڑیاں چھوڑ کر خود تیرتے ہوئے نکلتے دیکھے گئے ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق سڑکیں دریا کا منظر پیش کررہی تھیں، ایک کار جس میں ممکنہ طور پر جوڑا سوار تھا، انڈر پاس میں پانی میں غائب ہوتی دیکھی گئی ہے، اس کے علاوہ مزید بھی کئی لوگ لاپتہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ان کے پاس کسی کے لاپتہ ہونے کی کوئی رپورٹ درج نہیں کرائی گئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے 1790 میں علاقے میں ایسی طوفانی بارش ہوئی تھی اور اب 210 برس بعد پھر یہ دیکھنے کو ملا ہے،  صرف دو گھنٹے میں ایک میٹر سے زیادہ بارش علاقے میں ریکارڈ کی گئی ہے۔

شہر کے مکینوں نے سوشل میڈیا پر بہت سی ویڈیو پوسٹ کی ہیں، جن میں گاڑیاں تیرتی نظر آرہی ہیں، اور سڑکوں بالخصوص انڈر پاسز پر کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہے۔

شہر کے مئیر لیو لوسا اورلینڈو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو گھنٹے میں اتنی بارش ہوئی ہے، جو علاقے میں پورے سال کے دوران ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.