ایمریٹس کی پاکستان کیلئے پروازیں بند، فلائی دبئی نے شروع کردیں

0

کراچی: ایمریٹس ائیر لائن نے پاکستان کیلئے  پروازیں معطل کردی ہیں جبکہ دوسری جانب یواے ای کی ایک اور ائیر لائن فلائی دبئی  نے پاکستان کیلئے فلائٹ آپریشن بحال کردیا ہے۔

ایمریٹس ائیر لائن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ائیر لائن نے بدھ 24 جون سے پاکستان کیلئے فلائٹ آپریشن عارضی طور پر بند کردیا ہے، ائیر لائن کا کہنا ہے کہ 3 جولائی کو اس فیصلے کا دوبارہ جائزہ لیا جائےگا اور پروازیں بحال کرنے یا معطلی کی مدت میں توسیع  کا فیصلہ کیا جائےگا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جن مسافروں نے ایمریٹس  ائیر لائن میں بکنگ کرارکھی تھی،وہ ری بکنگ کیلئے اپنے ٹریول ایجنٹس یا ایمریٹس کے کال سینٹر سے رابطہ کریں۔

فلائی دبئی کی پاکستان واپسی

یواے ای کی سستی سمجھی جانے والے ائیر لائن فلائی دبئی نے 25 جون سے پاکستان کیلئے پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے، ائیرلائن دبئی سے اسلام آباد، لاہور، ملتان اور کراچی کیلئے  پروازیں بحال کررہی ہے، اسی طرح ان شہروں سے مسافر فلائی دبئی کے ذریعہ دبئی اور وہاں سے واپسی کا سفر کرسکیں گے۔

فلائی دبئی اسلام آباد اور ملتان  کیلئے ہفتہ وار 4، لاہور کیلئے 3 اور کراچی کیلئے 2 پروازیں چلائے گی۔

اسلام آباد سے پیر، بدھ، جعرات اور اتوار، لاہور سے منگل، جمعرات اور ہفتہ، ملتان سے پیر منگل، جمعہ اور ہفتہ جبکہ کراچی سے منگل اور جمعرات کو پروازیں چلائی جائیں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.